رواں سال کئی شوبز ستاروں نے سلور سکرین پر پہلی مرتبہ قدم رکھا
لاہور(فلم رپورٹر)رواں سال کئی شوبز ستاروں نے سلور سکرین پر پہلی مرتبہ قدم رکھے تو کسی نے خود فلم بنانے کی ٹھان لی جب کہ انڈسٹری کی چند ادکاراؤں نے اپنا کاروبار بھی شروع کیا۔2019ء میں کئی پاکستانی اداکاراؤں نے انڈسٹری میں بہترین اداکاری کر کے اپنا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ کاروباری میدان میں بھی قدم جمانے کی بھرپور کوشش کی۔آج ہم آپ کو اسی حوالے سے بتانے والے ہیں کہ اس سال پاکستان شوبز انڈسٹری کی کن کن اداکاراؤں نے کاروباری دنیا میں قدم رکھا۔رواں سال شوبز ستاروں نے ان برانڈز کی بنیاد رکھیں۔اداکارہ عروہ اور ماورا نے کپڑوں کی برانڈ متعارف کرایا۔دونوں بہنوں کی برانڈ میں مغربی طرز کے لباس اور اینٹیک جیولری فروخت کی جاتی ہے، عروہ اور ماورا کی اس برانڈ سے فی الحال صارفین آن لائن شاپنگ کر سکتے ہیں۔اداکارہ ایمن منیب ا ور منال خان نے بھی رواں سال اپنی کپڑوں کی برانڈ متعارف کرا کر کاروباری دنیا میں قدم رکھا۔دونوں بہنوں کی کپڑوں کی برانڈ مشرقی لباس پر مبنی ہے اور ان کی برانڈ سے بھی صارفین فی الحال آن لائن خریداری کر سکتے ہیں۔ندا یاسر نے بھی 2019 میں سوشل میڈیا پر اپنی کپڑوں کی برانڈ ’Nida Yasir Collection‘ جلد متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔اداکارہ اور ماڈل عریبہ حبیب نے بھی رواں سال اپنی کپڑوں کی برانڈ متعارف کرائی۔اداکارہ کومل عزیز نے 2019 میں اپنی کپڑوں کی برانڈ ’Omal By Komal‘ متعارف کرائی جس میں مغربی اور مشرقی دونوں ہی طرز کے لباس شامل ہیں۔اس کے علاوہ بے شمار فنکاروں نے ڈراموں اور فلموں میں بھی سرمایہ کاری کی۔