ظلم کا نظام ظالموں کو سپورٹ کرتا ہے،حافظ نصر اللہ عزیز

ظلم کا نظام ظالموں کو سپورٹ کرتا ہے،حافظ نصر اللہ عزیز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ ظلم کا نظام ظالموں کو سپورٹ کرتا ہے، مظلوموں کیلئے محمدی صہ نظام میں ہی تمام مسائل کا حل موجود ہے، مدینے کی ریاست کے دعویدار حکمران آج ملک میں بیروزگاری،بھوک،بدحالی، مہنگائی اور غربت کی سونامی کا سبب بن چکے ہیں، لاکھوں لوگوں کو شدید سردی کے موسم میں بے گھر، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور کردیا ہے، تجاوزات قراردیئے گئے گھروں، مساجد، مدارس کو زمین بوس کرنے والے اس وقت کہاں تھے جب لوگ اپنی جمع پونجی سے گھر بنارہے تھے، تب انہیں کیوں نہیں روکا گیا، انتظامیہ نے جیب گرم کرکے پہلے تو لوگوں کوگھر بنانے کی اجازت دی اب تجاوزات قرار دیکر لوگوں کے مکانات کو مسمار کرنا سراسر ظلم اور زیادتی ہے، شریعت کے نظام میں غریبوں کو بے گھر نہیں بلکہ گھربناکر دیئے جاتے ہیں،موجودہ ظلم اور طاغوت کے نظام سے کسی بھلائی کی توقع کرنا عبث ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں جماعت اسلامی گاجا موری کے تحت منعقدہ ایک عظیم الشان سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرصوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبدالقدوس احمدانی،بزرگ رہنما جعفر نظامانی اور دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کلمے کے نام پر وجود میں آیا لیکن فرنگی غلاموں نے پاکستان میں ایک دن بھی اللہ اور رسول ؐ کا نظام نافذ نہیں ہونے دیا، قرآن و سنت کے نظام میں ملک اور عوام کے تمام مسائل کا حل موجود ہے جبکہ انگریز کے طاغوتی نظام کی وجہ سے ملک 73سال گذرنے کے باوجود آج بھی مسائل کا گڑھ اور عوام کی حالت زار دن بدن خراب ہورہی ہے، امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے۔