پروفیسر آفای این ٹی ڈاکٹر نجم الحسنین کے اعزاز میں الوداعی تقریب
لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ آج کے دور میں عزت کے ساتھ سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہونا قدرت کا بہت بڑا انعام ہے۔ پروفیسر نجم الحسنین خان کی طبی خدمات کو میڈیکل کمیونٹی میں طویل عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروفیسر آف ای این ٹی ڈاکٹر نجم الحسنین کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب ہوئے کیا۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر خالد محمود سینئر پروفیسرز، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ تقریب سے پروفیسر خالد محمود، پروفیسر محمد طیب،پروفیسر آغا شبیر علی، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر افسر علی بھٹی، پروفیسر طاہر رشید،ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور ڈاکٹر محمد الیاس سمیت دیگر شرکاء نے بھی اظہار خیال کیا۔ پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال اور پروفیسر خالد محمود نے پروفیسر نجم الحسنین خان کو پی جی ایم آئی، اے ایم سی اور ایل جی ایچ کیلئے اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی نابغہ روزگار شخصیت عرصے بعد جنم لیتی ہے جنھوں نے میڈیکل پریکٹس کے علاوہ طبی تعلیم میں بھی بڑا نام کمایا، وہ انتہائی نفیس طبیعت کے مالک ہیں جن سے ان کے ساتھیوں اور جونیئرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ اصولی طور پر ایک ڈاکٹر اور ماہر تعلیم کبھی ریٹائر نہیں ہوتا اور انکی خدمات کا سفر ہمیشہ جاری رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر نجم الحسنین نے اپنے کیئر ر کے دوران دکھی انسانیت کی خدمت اور طبی تعلیم کے فروغ پر بھرپور توجہ دی اور اس شعبے میں سینکڑوں ہونہار شاگرد پیدا کئے جو مستقبل میں بھی ان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔پروفیسر محمد طیب، پروفیسر آغا شبیر علی،پروفیسر طاہر رشید،پروفیسر فاروق افضل، ڈاکٹر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ پروفیسر نجم الحسنین 35سالہ ملازمت مکمل کر کے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔ وہ اپنی شرافت، شفقت اور انسان دوستی کی یادیں پروفیسرز، سینئر و جونئیر ڈاکٹرز، میڈیکل کے طلباء اور مریضوں کے دلوں پر نقش کر گئے ہیں جو انمٹ ہیں۔نرسنگ سپرٹینڈنٹ نیورو انسٹی ٹیوٹ رفعت زاہد اور ڈپٹی نرسنگ سپرٹینڈنٹ ایل جی ایچ رقیہ بانو نے بھی پروفیسر نجم الحسنین کی طبی خدمات کو سراہا۔