ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کام تیز کئے جائیں،سمیر احمد

ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کام تیز کئے جائیں،سمیر احمد

  

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیراحمد سید نے ہدایت کی ہے کہ ایل ڈی اے سٹی میں پانچ ہزار کنال رقبے پر جاری ترقیاتی کام تیز کئے جائیں تاکہ مالکان کو جلد از جلد پلاٹوں کا قبضہ دیا جا سکے۔فیروز پورروڈ سے ڈیفنس روڈ تک پہلے سے تعمیر شدہ ایل ڈی اے سٹی روڈ کو فیز ون سے ملانے کے لئے دو کلومیٹر طویل نئی لنک روڈ تعمیر کی جائے گی،اس مقصد کے لئے ٹینڈر جلد طلب کئے جا رہے ہیں۔

فائل ہولڈرز سے ترقیاتی اخراجات آدھے وصول کئے جائیں گے۔ان کی مالیت اور وصولی کے شیڈول کا جلد اعلان کر دیاجائے گا۔ رواں بجٹ میں سکیم کے ترقیاتی کاموں کے لئے تین ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔جاری ترقیاتی کام تین ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کے لئے درکار 13ہزار کنال میں سے 11ہزار کنال سے زائد اراضی ایل ڈی اے کو پیش کر دی گئی ہے۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید نے ایل ڈی اے سٹی کا دورہ کیااورمختلف مقامات پر خود جا کروہاں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے سکیم کو سات پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پیکیج ٹو پر کام کی لاگت کا تخمینہ99کروڑ31لاکھ روپے ہے۔ اس کے لئے میسرز بابر کنسٹرکشن کمپنی کام کرر ہی ہے -پیکیج تھری پر کام کی لاگت کا تخمینہ ایک ارب16کروڑ70لاکھ روپے ہے۔ اس کے لئے میسرز خالد رؤف اینڈ کمپنی ترقیاتی کام کر رہی ہے -سکیم کے پیکیج فائیو پر عالم خان اینڈ برادرز سڑکوں‘ واٹر سپلائی‘ سیوریج اور واٹر ٹینک کی تعمیر کا کام کر رہا ہے۔ چیف انجینئرحبیب الحق رندھاوانے ڈائریکٹر جنرل کو ایل ڈی اے سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر حماد الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد اورعبد الواحد اور دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -