سانحہ اے پی ایس نے ملک و قوم پر گہرے گھاؤ لگائے،ندیم قریشی
لاہور(پ ر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محمد ندیم قریشی نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول اور سانحہ مشرقی پاکستان نے ملک و قوم پر گہرے گھاؤلگائے جو رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں سانحات ہمیں جہاں افسردہ کرتے ہیں وہاں ہمیں ان سانحات سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھنے کا راستہ بھی دکھاتے ہیں۔ محمد ندیم قریشی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء نے قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر پوری قوم کو دہشت گردی کیخلاف یکسو کردیا جس سے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء ملک و قوم کے محسن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی عظیم قربانی کی بدولت آج ملک دہشت گردی سے چھٹکارہ پاچکا ہے۔ پوری قوم اے پی ایس سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔
سانحہ اے پی ایس کے شہدا ء کی قربانیوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہوتی ہیں جنہیں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ فوج،پولیس اور عوام کی بے شمار قربانیوں کی بدولت آج ملک امن و امان کا گہوارہ بن چکا ہے۔محمد ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ سانحہ مشرقی پاکستان ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے مثبت انداز میں اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیتے ہوئے آگے بڑھنے کا درس دیتا ہے۔