دشمن آج بھی ملک کے خلاف سازشو ں میں مصروفہے،حامد رضا
لاہور(نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ اور اے پی ایس کے سانحات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ 16 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ بھارت کے ٹوٹنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ دشمن آج بھی پاکستان میں سانحہ مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کرنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہے۔ استحکام وطن کے لئے لسانی، علاقائی، صوبائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو دفن کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی یکجہتی کے ذریعے ہی سقوط ڈھاکہ جیسے سانحات سے بچا جا سکتا ہے۔
ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا۔ سانحہ اے پی ایس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں سقوط ڈھاکہ اور اے پی ایس کے سانحات کی یاد میں منعقدہ”محبت پاکستان سیمینار“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے مفتی محمد حسیب قادری، مفتی مقیم خان، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا محمد علی نقشبندی، راؤ حسیب احمد نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ او آئی سی اپنی افادیت کھو چکی ہے۔ ملائشیا میں ہونے والی مسلم لیڈروں کی عالمی کانفرنس خوش آئند ہے۔ پاکستان، ترکی، ملائشیا اور ایران عالمی مسلم بلاک کی تشکیل کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ عمران خان، طیب اردوان، مہاتیر محمد اور حسن روحانی امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز بن چکے ہیں۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ متنازعہ شہریت بل نے بھارت کا متعصبانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ مودی ابلیس کا سیاسی فرزند ہے۔ بھارت نے خود اپنے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے۔ دنیا بھارت کی مذہبی انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھائے۔