کارفور پاکستان کا دراز کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ
لاہور(پ ر) مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیاء میں شاپنگ مال، کمیونٹیز، ریٹیل اور لیژرکے صف اول کے ادارے ماجد الفطیم (Majid Al Futtaim)نے مشہور آن لائن مارکیٹ دراز (Daraz) کے ساتھ گزشتہ ہفتہ انکے کراچی میں واقع ہیڈ آفس میں شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے۔ یہ اشتراک انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کی بدولت دراز پر آن لائن صارفین کے لئے ماجد الفطیم کے کارفور اسٹورز میں موجود مختلف کٹیگریز کی 3 ہزار سے زائد مصنوعات کی آن لائن شاپنگ ممکن ہوسکے گی۔ اس معاہدے پر ماجد الفطیم ریٹیل کے کارفور پاکستان کے کنٹری منیجر جوں مارک ڈومونٹ اور درا ز کے منیجنگ ڈائریکٹر احسان سایا نے دستخط کئے۔ دراز پاکستان میں صف اول کی آن لائن مارکیٹ ہے جہاں اپنی اشیاء فروخت کرنے والے ہزاروں افراد کے ماہانہ 50 لاکھ سے زائد صارفین سے رابطے ہوتے ہیں۔ دراز کی مارکیٹ پر کارفور کی وسیع مصنوعات کی دستیابی اور بہترین قیمتوں کی بدولت آن لائن صارفین نمایاں طور پر سہولیات حاصل کرسکیں گے اور انکی شاپنگ کے عمل میں مزید انتخاب بڑھے گا۔
ماجد الفطیم ریٹیل میں کارفور پاکستان کے کنٹری منیجر جوں مارک ڈومونٹ نے کہا، "مشہور آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم دراز کے ساتھ ہمارا اہم اشتراک پاکستان میں تیزی سے پھیلتی ہوئی آن لائن شاپنگ کمیونٹی کے لئے ایک خوش آئند خبر ہے۔ ماجد الفطیم ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے ایک پرعزم ایجنڈے پر کارفرما ہے اور پاکستان میں موجود کارفور آپریشنز میں اب اسے متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس شراکت داری سے عام صارف کو تین ہزار سے زائد مصنوعات ڈیجیٹل طریقے سے حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنے صارفین کی ضروریات کو سمجھتے ہیں اور انہیں پرکشش قیمتوں اور باسہولت انداز سے مصنوعات کی فراہمی کے ذریعے ان سب کے لئے ہر دن خوشی بھرے لمحات تخلیق کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ "
دراز پاکستان کے ڈائریکٹر کمرشل عمران سلیم نے کہا، "ہمیں کارفور کے ساتھ اس نئی شراکت داری پر فخر ہے۔ دراز مال پر کارفور پاکستان کے آفیشل اسٹور کے ذریعے ملک بھر کے صارفین کو وسیع اقسام کی گھریلو اشیاء اور دیگر سامان حاصل کرنے میں بے حد آسانی ملے گی جو ایک خوش آئند بات ہے۔ "