بھارت کو ہر عالمی فورم پر پسپائی کا سامنا ہے‘ منصور قادر ڈار

  بھارت کو ہر عالمی فورم پر پسپائی کا سامنا ہے‘ منصور قادر ڈار

  

لاہور(پ ر) بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو مختلف حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھ سکے لیکن وہ وقت دور نہیں جب بھارت کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ پانچ اگست کے بعدہرفورم پر بھارت کو بری طرح پسپائی کا سامنا کرنا پڑاہے اور پوری دنیانے کشمیریوں کے موقف حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جموں وکشمیرلبریشن سیل منصور قادر ڈار نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے دوران منعقدہ اجلاس کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں صدر چیمبر عرفان اقبال شیخ، سینئرنائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، سیکرٹری شاہد خلیل، چیئرمین کشمیر کمیٹی لاہو ر چیمبر یوسف شاہ، ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی چوہدری شفقت محمود اور انچارج ریسرچ ونگ کشمیرلبریشن سردار ساجد محمود شریک تھے۔ منصور قادر ڈار نے کہا کہ بھارتی آئین کی خصوصی دفعات 370اور 35اے کے خاتمے سے جدوجہد آزادی کشمیر پر کوئی فرق نہیں پڑا بلکہ یہ پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ ابھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست کو کشمیر میں جو کرفیو نافذ کیا تھا وہ آج بھی جاری ہے۔ بھار ت خوفزدہ ہے کہ اگر کرفیو اور لاک ڈاؤن ختم ہوا تو پوری کشمیری قوم غاصب فوج کے خلاف زبردست احتجاج شروع کردے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور ذرائع ابلاغ کی مکمل بندش کے باوجود کشمیری نوجوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کرسوشل میڈیا کے ذریعے وادی کے حالات سے بیرونی دنیا کو آگاہ کررہے ہیں۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ چیمبرکے پلیٹ فارم سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کے لئے ہمیشہ سے آواز بلند کی جاتی رہی ہے۔ چیمبر کا دوہ کرنے والے بین الاقوامی وفود کی توجہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی طرف دلائی جاتی رہی ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی لاہور چیمبر یوسف شاہ نے کہا کہ چیمبر کے زیراہتمام ایک تین روزہ نمائش کے انعقادکافیصلہ کیا گیا ہے جس میں جدوجہد آزادیئ کشمیر وکشمیری کلچرکے تناظر میں تصاویر اور اشیاء کی نمائش کی جائے گی۔

 اس موقع پر دونوں اداروں کے سربراہان کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ رواں ماہ دسمبر کے آخر میں لاہورچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں کشمیر سیمینار کا انعقادعمل میں لایاجائے گا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حید رخان ہوں گے جبکہ دیگرتمام قومی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کو بھی سیمینار میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ نیز اس موقع پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں جموں وکشمیر لبریشن سیل اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ ٭٭٭

مزید :

کامرس -