انڈر رانو ائسنگ اور سمگلنگ جیسے مسائل معیشت کیلئے بڑے چیلنجز ہیں: ڈی جی ویلیوایشن

  انڈر رانو ائسنگ اور سمگلنگ جیسے مسائل معیشت کیلئے بڑے چیلنجز ہیں: ڈی جی ...

  

لاہور (کامرس ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل ویلیوایشن مکرم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ انڈرانوائسنگ اور سمگلنگ جیسے مسائل معیشت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں، ویلیوایشن سسٹم میں تبدیلی سے ٹیکس وصولی کی صورتحال بہتر ہوگی جبکہ حکومت، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور محکمہ سمگلنگ کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، سابق نائب صدور شفقت سعید پراچہ، کاشف انور، ذیشان خلیل، فہیم الرحمن سہگل، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر، واصف یوسف، ملک محمد خالد، خالد عثمان، شیخ سجاد افضل، نسیم الغنی، عاطف اکرام، فیاض حیدر، ذیشان سہیل ملک، ارشد خان اور حارث عتیق و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی نے کہا کہ عالمی معیارات کے مطابق ویلیوایشن سسٹم میں تبدیلیاں بہت بہتر ثابت ہونگی اور صنعت و تجارت پر بھی مثبت اثرات پڑیں گے۔ انہوں نے کہ گذشتہ سال دس میں سے نو ممالک کے ساتھ تجارت میں مس ڈیکلریشن کا سامنا رہا۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سال 2018ء میں چین میں پاکستان کو برآمدات کی ویلیو 16967ملین ڈالر جبکہ پاکستان میں 14545ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، یوں 2422ملین ڈالر کی مس ڈیکلریشن کا سامنا رہا مگر ادارہ صورتحال بہتر بنانے کے لیے مسلسل ٹھوس اقدامات اٹھارہا ہے۔ انہوں نے ڈی جی ویلیوایشن کی ذمہ داریوں کے متعلق ایک تفصیلی پریذنٹیشن بھی دی۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ویلیوایشن کے سلسلے میں تمام اجلاس کراچی میں منعقد ہوتے ہیں، یہ اجلاس وقتافوقتا لاہور میں بھی منعقد ہونے چاہئیں، لاہور چیمبر کے ممبران نے شکایات کی ہے کہ بعض اوقات ان کی کنسائمنٹس کی ویلیوایشن امپورٹڈ کموڈیٹیز کی ریٹیل قیمت پر کی جاتی ہے، کسٹمز حکام کو سمجھنا چاہیے کہ کنٹینرز بھاری مقدار میں سامان کے ساتھ بک کیے جاتے ہیں جبکہ امپورٹ دستاویزات میں کٹ ریٹ پرائس بھی درج کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیوایشن آفیسرز ایک ہی قسم کی آئٹمزمختلف درآمد شدہ کنسائمنٹس پر مختلف پیرامیٹرز اپلائی کرتے ہیں جو نہیں ہونا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ کسٹمز ویلیوایشن، قوانین اور قواعد و ضوابط میں جب بھی کوئی تبدیلی ہو، نجی شعبے کو لازما اعتماد میں لیا جائے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے سرکاری اداروں اور نجی شعبہ کے درمیان مستقل روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ 

مزید :

کامرس -