کراچی‘ خصوصی بچوں کی تیار کردہ اشیاء کی نمائش اختتام پذیر

      کراچی‘ خصوصی بچوں کی تیار کردہ اشیاء کی نمائش اختتام پذیر

  

کراچی (این این آئی)کراچی میں لکی ون شاپنگ مال میں کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کی جانب سے ایک منفرد برانڈ جدت کی نمائش کا اہتمام کیا گیا،جہاں ادارے میں تربیت حاصل کرنے والے اسپیشل بچوں (ڈفرینٹلی ایبلڈ افراد) کے ہاتھوں تیار کردہ خوبصورت اشیاء رکھی گئی تھیں جنہیں بے حد پسند کیا گیا۔نمائش میں رکھی گئی اشیاء میں خواتین کے ملبوسات،پرنٹیڈ ٹی شرٹس اور گھریلو سامان کی اشیاء شامل تھیں۔ جو عوام کی توجہ کا مرکز رہیں۔اس موقع پرکے وی ٹی سی کے چیف ایگزیکٹو سینیٹر عبدالحسیب خان،ڈاکٹرعمران یوسف،ڈاکٹر وقارکاظمی،انورسہیل رضوی، ہماخان،کیپٹن نقوی اور دیگر نے  کے وی ٹی سی کے اسپیشل بچوں کی تیار کردہ نمائش میں رکھی گئی اشیاء کا جائزہ لیا اور انکی خریداری کی۔سینیٹر عبدالحسیب خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس نمائش کا مقصد معاشرے کوڈفرینٹلی ایبلڈ افراد کی صلاحیتوں اور ہنرمندی سے روشناس کرانا اوراس میں بحیثیت ذمہ دار معاشرہ ہمارا اہم کردار ہے۔

سینیٹرعبدالحسیب خان نے کے وی ٹی سی کی تمام انتظامیہ پرنسپل مس ثناء ایاز، مینجرایڈمنسٹریشن فرحین عامر،مینجراکیڈمکس عامرشہاب،مس الینا فاطمہ،مس سبین اور اسٹاف کی جانب سے نمائش میں فعال کردار ادا کرنے پر انکی کارکردگی کوبھی سراہااورکہا کہ جدت نمائش کامقصد اسپیشل بچوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے حوالے سے عوامی شعور و آگہی کا فروغ ہے۔سینیٹر حسیب خان نے کہا کہ اس ادارے کا مقصد ایسے بچوں کو معاشرے کا باعزت اور کارآمد رکن بنانا ہے اور انہیں ہرگز معذور نہ سمجھا جائے، کے وی ٹی سی ان بچوں کو عالمی معیار کی فنی تعلیم و تربیت بالکل مفت دے رہا ہے اور اب تک 500سے زائد بچے برسر روزگار ہوچکے ہیں۔کے وی ٹی سی کی مینجرایڈمنسٹریشن فرحین عامر کا کہنا تھا کہ ہمارا برانڈ جدت ایک معیاری ٹیکسٹائل اور گھریلو اشیاء کا برانڈ ہے۔جدت ڈفرینٹلی ایبلڈافراد کومکمل تربیت اور سیکھنے کا تجربہ فراہم کرتا ہے اور انہیں ایک بہتر ذریعہ معاش فراہم کرنے میں بھی مددگارثابت ہورہاہے۔مینجراکیڈمکس عامرشہاب کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائش کا انعقاد ڈفرینٹلی ایبلڈافرادکومعاشرے کافعال حصہ بننے میں معاون ثابت ہوتا ہے جو کی خوش آئند ہے۔پرنسپل کے وی ٹی سی مس ثناء ایاز نے اس بات پر زور دیا کہ جدت کی بنائی ہوئی ایک ایک چیزان بچوں کی ہنرمندی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بچے کسی سے کم نہیں۔مہمانوں کی بڑی تعداد نے ان فن پاروں میں گہری دلچسپی لی اور موقع پر خریداری بھی کی۔ اس دوران کے وی ٹی سی کا انفارمیشن ڈیسک اور آرٹ تھراپی کے اسٹالز بھی مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے سربراہ معروف صنعتکار سینیٹر عبدالحسیب خان نے تمام بچوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ 

مزید :

کامرس -