”پرویز مشرف کے خلاف فیصلے کا فوری فائدہ عمران خان کی حکومت کو ہو گا کیونکہ ۔۔“ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے واضح اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے پرویزمشرف کو عدالت کی جانب سے سزائے موت کی سزا سنائے جانے پر تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ کہنے کو تو جمہوریت مضبوط ہوئی ہے اور اس کا فوری فائدہ عمران خان کی حکومت کو پہنچے گا کیونکہ کوئی بھی ایسی قوت جو غیر جمہوری طریقے سے ان کی حکومت ہٹانے کی کوشش کرے گی تو یہ آئین اس کے سامنے آئے گا ۔
سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے پرویز مشرف کو خصوصی عدالت کی جانب سے سنگین غداری کیس میں سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تو طے تھا کہ جب بھی کسی عامر کے خلاف ایسا کوئی کیس چلے گا تو 1973 کے آئین میں سنگین غداری کی سزا بھی لکھی تھی اور یہ بھی لکھا تھا کہ جو بھی آئین توڑے گا یا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا تواسے سزائے موت دی جائے گی ، آج تک کوئی ایسا ٹرائل ہی نہیں ہو سکا تھا تو یہ ظاہر ہے کہ جب بھی ٹرائل ہو گا اور جرم ثابت ہوجائے تو اس سزا کے علاوہ دینا ممکن نہیں تھا کیونکہ یہ آئین کے آرٹیکل 6 میں واضح کہہ دیا گیاہے ۔ان کا کہناتھا کہ آئین کا آرٹیکل چھ شامل ہی اس لیے کیا گیا تھا کہ مارشل لاءنہ لگ سکے ، یہ پہلی دفعہ ہے کہ 1973 کے آئین کے نفاذ کے بعد اس پر عملدرآمد ممکن ہواہے ۔