مشرف کو سزائے موت کا فیصلہ،جی ایچ کیو میں خصوصی کانفرنس طلب
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت کے عدالتی فیصلے کے بعد جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں خصوصی کانفرنس طلب کرلی گئی۔نجی ٹی وی اے آروائی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر جی ایچ کیو میں ایک اہم کانفرنس طلب کرلی گئی ہے جس میں سینئر فوجی قیادت شامل ہے۔اے آر وائی کے مطابق اعلیٰ فوجی حکام موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔
ارشد شریف نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکن ہے اس کانفرنس میں مشرف کے فیصلے کے حوالے سے کچھ تحفظات ظاہر کئے جائیں۔انہوں نے کہا ممکن ہے یہ بات زیر بحث آئے کہ کہیں مشرف کی سزا کو ادارے کیخلاف تو استعمال نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا ممکن ہے اس بات پر بھی بات کی جائے کہ صرف مشرف کو ہی ٹارگٹ کیوں کیاگیاہے باقی سہولت کاروں کا شامل کیوں نہیں کیاگیا۔
واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے چھ سال سے جاری سنگین غداری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔