عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران حاکم بن چکے ہیں،وقار میاں 

  عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں لینے والے افسران حاکم بن چکے ہیں،وقار میاں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر) انجمن تاجران آٹو پارٹس مارکیٹ بادامی باغ کے صدر وقار احمد میاں نے کہا ہے کہ عوام کے ٹیکس اور خون پسینے کی کمائی سے تنخواہیں لینے والے افسران عوام کے خادم کی بجائے حاکم بن چکے ہیں۔ بڑی بڑی گاڑیوں پر پھرنے والے افسران کسی کو جوابدہ نہیں سمجھتے۔ مارکیٹ میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سست روی پر وضاحت دینا بھی مناسب نہیں سمجھتے۔

 بازار میں تاجروں کے سامنے چیف آفیسر کی آمد پر میڈیا کی موجودگی میں پوچھنے کی جسارت کی تو صاحب بہادر سیخ پا ہوگئے۔ آٹو پارٹس مارکیٹ کے تاجروں کا پنجاب حکومت سے سوال ہے کہ اتنے بھاری بھرکم ٹیکس دینے کے بعد بھی اگر پوچھنے کا استحقاق نہیں تو تاجر اس رویئے کا شکوہ کہاں کریں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف آفیسر کے ناروا رویئے کی باز پرس ضرور کی جانی چاہیے اور ترقیاتی تعمیری منصوبوں میں سست روی کا نوٹس ضرور لیا جائے۔ تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں التوا سے مشکلات سے دوچار تاجروں کے مسائل اور مشکلات کا تدارک ہوسکے۔