یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں میٹریل سائنس کے موضوع پر کانفرنس

یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں میٹریل سائنس کے موضوع پر کانفرنس

  

لاہور (پ ر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے شعبہ فزکس کے زیر اہتمام ”میٹریل سائنس میں پیش رفت“ کے موضوع پر تیسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس گزشتہ روز مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں اختتام پذیر ہو گئی، جس میں پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ، چین، جرمنی، ملائیشیا، مصر، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، تائیوان، ترکیہ، جنوبی کوریا، ایران، سعودی عرب، نائجیریا اور عراق کے ماہرین و سائنسدانوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران دنیا بھر سے نامور سائنسدانوں کی طرف سے 140سے زائد مذاکرے ہوئے جبکہ مجموعی طور پر 142 تحقیقی مقالہ جات پیش کئے گئے۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، رسول پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم تھے۔اختتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ آج دنیا کو درپیش چیلنجز سے چھٹکارا دلانے کا حل صرف تعلیم و تحقیق کی ترقی میں ہی پنہاں ہے، جس میں میٹریل سائنس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہی تعلیم و تحقیق ہے، جسے ہمیں بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔ وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نوجوان سکالرز نے اس کانفرنس سے بھرپور استفادہ کیا ہو گا، جو مستقبل میں وطن عزیز کے کام آئے گا۔ مہمان خصوصی  وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، رسول پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے تقریب کے شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے گزشتہ چند برسوں میں تعلیم و تحقیق کی ترقی کے لئے جو کاوشیں کی ہیں، وہ بلاشبہ لائق تحسین ہیں۔ اس کانفرنس کے انعقاد سے یونیورسٹی نے ہمارے نوجوان سکالرز کو وہ پلیٹ فارم مہیا کیا، جس کی انہیں سخت ضرورت ہے۔ میٹریل سائنس کا شعبہ بہت وسیع ہے، جس میں کام کرنے کی بہت زیادہ گنجائش ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) کو خصوصی مبارک باد بھی دی۔ 

کانفرنس کے شریک پیٹرن پروفیسر ڈاکٹر عالم سعید نے آخر میں تمام ماہرین، اساتذہ اور طلباء  کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے دو دنوں کے دوران شرکاء  نے جس علمی جوش وجذبے کا مظاہرہ کیا وہ نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی ہر سال اس موضوع پرعا لمی کانفرنس منعقد کرتے رہیں گے، کیوں کہ ایسی کانفرنسز کا انعقاد تحقیق کے حوالے سے نہایت مفید ہوتا ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، ڈاکٹر سجاد حسین، ڈاکٹر فہیم کے بٹ، ڈاکٹر محمد سعید اختر ودیگر بھی موجود تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -