جنرل ہسپتال ایمرجنسی کی نگرانی کے لئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل

جنرل ہسپتال ایمرجنسی کی نگرانی کے لئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی موثرنگرانی اور مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی اور پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر خضر حیات گوندل کو اس کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر محمد اقبال اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ روبینہ کوثر کمیٹی کے اراکین میں شامل ہوں گے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے مذکورہ کمیٹی کوخصوصی اختیارات تفویض کئے ہیں۔

 ف کہ وہ شعبہ ایمرجنسی کے ملازمین کی روزانہ کی حاضری،مریضوں کے میڈیکل چارٹ اور فارمیسی میں ادویات کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرنے کے مجاز ہوں گے نیز ڈی ایم ایس سمیت کوئی بھی ملازم دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر نہیں جائے گاجبکہ شعبہ حادثات اور داخلی و خارجی راستوں پر صفائی ستھرائی پر بھی کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان اس بات کو یقینی بنائے کہ ڈیوٹی پر مامور سٹاف ممبران شعبہ حادثات میں آنے والے مریضوں، تیمارداروں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں،اسی طرح سکیورٹی عملہ بھی اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے الرٹ رہے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے ہدایت کی کہ کمیٹی اس امر کی بھی نگرانی کرے گی کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو بلا تفریق بر وقت مفت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ شعبہ ایمرجنسی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ کسی بھی مریض کو انتہائی نازک صورتحال میں لایا جاتا ہے جس کی جان بچانا اور اسے فوری طبی امداد بہم پہنچانا ڈاکٹرز کی اولین ذمہ داری میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کا شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت اور اْن سے دعائیں لینے کے کام آنا چاہیے جس میں شعبہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو خاص طور پر فوقیت دی جائے۔پروفیسر الفرید ظفر نے واضح کہا کہ کمیٹی کے ارکان کی سفارشات کی روشنی میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف کی ہسپتال انتظامیہ ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -