کرپشن کا لائسنس لینے والوں نے معیشت برباد کی،اسلم اقبال

کرپشن کا لائسنس لینے والوں نے معیشت برباد کی،اسلم اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے 90شاہراہ قائد اعظم پر ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ سینئر صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این آر او ٹو کے ذریعے کرپشن کا لائسنس حاصل کرنے والوں نے معیشت برباد کر دی۔ بدترین کووڈ کے باوجود عمران خان حکومت کے درست معاشی اقدامات سے معیشت ترقی کررہی تھی۔برآمدات کو ساڑھے 32ارب ڈالر تک پہنچایا گیا۔ لوگوں کے اپنے لیڈر پر اعتماد کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر اورٹیکس وصولیاں بڑھیں۔ پھر ایک سازش کے ذریعے ترقی کرتی ہوئی معیشت کا پہیہ روک دیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتیں بندہونے سے بیروزگاری کا سیلاب آمڈ آیا ہے۔مرکز میں بیٹھے نالائقوں کی وجہ سے کسان،مزدور،تاجر اور ہر طبقہ پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کے لئے جسم اور روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔ ڈاکو راج کے باعث ہنر مند اور سرمایہ کار ملک چھوڑ کر جارہے ہیں۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان ایک سچا اور باکردار لیڈر ہے جس پر قوم کو اعتماد ہے۔ سازشی ٹولہ ایک گھڑی کا شور ڈال کر عمران خان کی کردار کشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو سوچ اور آگاہی دی ہے۔ وہ اپنی اولاد کی نہیں بلکہ قوم کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جنگ لڑرہا ہے اور حقیقی آزادی کی تحریک میں عمران خان کا لہو بھی شامل ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوام نے ملک سے ڈاکو راج کے خاتمے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قوم ضمنی انتخابات میں 13جماعتوں کے خلاف اپنا فیصلہ دے چکے اورعام انتخابات میں چوروں کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان کو اس مشکل صورتحال میں عمران خان کی ضرورت ہے اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہی مل کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔