خرم شیرزمان کی نوجوان بلال ناصر کی تعزیت کیلئے رہائشگاہ آمد

 خرم شیرزمان کی نوجوان بلال ناصر کی تعزیت کیلئے رہائشگاہ آمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان گزشتہ روز یونیورسٹی روڈ پر ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان بلال  نا صر کی رہائش گاہ پہنچے،خرم شیر زمان نے  بلال کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور واقعے کی شدید مذمّت کی پی ٹی آئی رہنماء نے نوجوان کی مغفرت اور درجات بلندی کیلئے دعا کی، اس موقع پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس شہر میں کتنے بلال سالوں سے اسی طرح قتل ہورہے ہیں، 15سالوں سے کتنے بلال اپنی ماؤں سے جدا ہوگئے،سوال یہ ہے ان حادثاتی اموات کا ذمہ دار کون ہے، پچھلے کچھ ماہ میں 96گھرانے ان  حادثات سے متاثر ہوئے، پچھلے ماہ ایک ماں کے سامنے اس کے جوان بیٹے کو گولیاں ماردیں گئیں، عورتیں گھروں سے نکلے تو ان کی بالیاں، پرس، موبائل چھین لیے جاتے ہیں، وزیر اعلیٰ میں تھوڑی بھی شرم ہے تو ہوم منسٹری سے استعفیٰ دیں، سندھ میں کسی عورت کو وزیر داخلہ بنادیا جائے،مراد علی شاہ چوڑیاں پہنیں اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بیٹھیں، بلال این ای ڈی میں تھرڈ یئر کا اسٹوڈنٹ تھا جسے قتل کیا گیا، خرم شیر زمان نے کہا کہ بچے اپنے گھروں سے تعلیم کیلئے نوجوان روزگار کیلئے نکلتے ہیں، 1 سال تو کیا 15سو سال بھی پی پی کو ملے تو یہ ڈیلیور نہیں کریں گے، ہمارے پاس ان سے چھٹکارا حاصل کرنا واحد حل ہے، بلال کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں بھی نوجوان کیلئے آواز اٹھائیں گے، بلال پر فائرنگ کرنے والے عناصر کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتا ہوں،واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کراچی میں انسانی زندگیاں کیڑے مکوڑوں سے بھی بدتر ہوچکی ہے اور شہر کے بدترین حالات کے پیچھے سندھ حکومت کی نالائقی ہے، نوجوان بلال کا اپنے دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھنا جرم بن گیا، کراچی میں چند بیجان چیزوں کے آگے انسانی زندگی کی کوئی قیمت نہیں رہی، پورے شہر میں جرائم پیشہ افراد دندناتے پھر رہے ہیں، شہر میں لوگوں کا خون بہایا جارہا ہے حکمرانوں کو کوئی غرض نہیں شہر میں شاہین فورس براہِ نام ہے بلال کو قتل کرنے والے افراد کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتا ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم کے اہل خانہ کو صبر و جمیل عطا فرمائے،کراچی جرائم پیشہ عناصر کو لگام ڈالنے کیلئے پولیس کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں، کراچی میں اسٹریٹ کرائم سے نمٹنے کے لئے  رینجرز کو اختیارات دیے جائیں۔