چھوٹے بھائی کے ہاتھوں بڑا بھائی قتل، باپ نے بھی لاش ٹھکانے لگانے میں مدد کی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں چھوٹے بھائی نے نشے کی لت میں مبتلا بڑے بھائی کو قتل کرکے باپ کی مدد سے لاش ٹھکانے لگا دی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واردات نئی دہلی کے علاقے منگول پوری میں ہوئی۔ مقتول منشیات خریدنے کے لیے گھروالوں سے رقم کا تقاضا کرتا رہتا تھا جس کی وجہ سے گھر میں اکثر لڑائی رہتی تھی۔
وقوعے کے روز 23سالہ للت کمار نامی ملزم نے طیش میں آ کر بڑے بھائی جے کشن کو ڈنڈے کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار ڈالا اور پھر اپنے والد کے ساتھ مل کر اس کی لاش بیگ میں ڈال کر قریبی پارک میں جھاڑیوں میں پھینک دی۔ پارک میں آئے لوگوں نے لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے لاش قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کیں تو مشکوک جانتے ہوئے للت کمار سے تفتیش کی گئی جس نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کی نشے کی لت سے تنگ آ چکا تھا، کیونکہ اس کی وجہ سے گھر کا سکون برباد ہو چکا تھا اور آئے روز لڑائی ہوتی رہتی تھی۔ پولیس نے باپ بیٹے کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔