خاتون نے اپنے بے وفا پولیس اہلکار شوہر کو سر عام دھو ڈالا
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں خاتون نے اپنے بے وفا پولیس اہلکار شوہر کو سر عام دھو ڈالا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر کان پور میں پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ بیوی کے ہاتھوں پٹنے والے اس پولیس اہلکار کی شناخت کانسٹیبل درگیش سونکر کے نام سے ہوئی ہے۔
درگیش پارک میں کسی خاتون سے ملاقات کر رہا ہوتا ہے کہ اس کی بیوی وہاں پہنچ جاتی ہے۔ بیوی کے آ جانے پر درگیش کی محبوبہ موقع سے فرار ہو جاتی ہے تاہم درگیش اہلیہ کے ہتھے چڑھ جاتا ہے۔ وہ اس کے منہ پر تھپڑوں کی بوچھاڑ کر دیتی ہے اوراس کے کپڑے پھاڑ ڈالتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دو ماہ قبل درگیش کی اہلیہ نے اس کے خلاف پولیس کو ایک رپورٹ بھی درج کرائی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ شادی شدہ ہونے کے باوجود اس نے کئی غیرعورتوں کے ساتھ تعلقات قائم کر رکھے ہیں۔ اس درخواست پر درگیش کو نوکری سے معطل کیا جا چکا تھا۔ پارک میں بھی خاتون درگیش کو اس وقت چھوڑتی ہے جب پولیس وہاں آتی ہے۔ پولیس نے دونوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔