قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کی شاندار کامیابی نے فیفا حکام کو نیا فیصلہ کرنے پر مجبور کر دیا

قطر (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیفا ورلڈ کپ 2022 کی قطر میں شاندار مقبولیت کے بعد فیفا حکام 2026 کے ورلڈ کپ سے متعلق نیا فیصلہ کرنےپر مجبور ہو گئے ۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو تصدیق کر چکے ہیں کہ قطر میں جاری ورلڈ کپ میں چار ٹیموں پر مشتمل گروپ والے فارمیٹ کی شاندار کامیابی کے بعد 2026 کے ورلڈ کپ کے فارمیٹ پر بھی نظر ثانی کی جائے ۔
قطر ورلڈ کپ میں شریک 32 ٹیموں کو مجموعی طور پر 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا ، ہر گروپ میں 4 ٹیموں کو جگہ دی گئی تھی ،ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی تھی ، ورلڈ کپ کا یہ فارمیٹ 1998 سے چلا آرہا تھا، تاہم اس ورلڈ کپ میں ایسا آخری بار ہونا تھا جس کا اعلان فیفا کر چکا ہے کیونکہ امریکہ ، کینیڈا اور میکسیکو میں شیڈول 2026 ورلڈ کپ میں 32 کی بجائے 46 ٹیمیں شریک ہوں گی ۔
ٹیموں میں اضافے کے بعد فیفا نے 2026 کے ورلڈ کپ کا فارمیٹ تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا کہ آئندہ 4،4 کی بجائے 16،16 ٹیموں کے تین گروپس بنائے جائیں گے مگر اب 4 ٹیموں کے گروپ فارمیٹ کی مقبولیت دیکھتے ہوئے فیفا اپنے فیصلےپر نظر ثانی پر مجبور ہو گیا ہے ۔