مدارس بل کا معاملہ: وفاق المدارس کا ملک گیر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

Dec 17, 2024 | 08:30 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاق المدارس نے مدارس بل کی راہ میں روڑے اٹکانے کے خلاف ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ویب سایٹ وی نیوز  کے مطابق معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی کی زیرصدارت وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے فیصلوں اور موقف کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعہ کے اجتماعات اور مدارس کے سالانہ پروگراموں میں عوام کو موقف سے آگاہ کیا جائےگا۔
مجلس عاملہ نے مطالبہ کیاکہ مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا ہے، لہٰذا فی الفور گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، ہمیں مدارس کے معاملات میں رکاوٹیں اور تاخیری حربے قبول نہیں۔
مجلس عاملہ نے کہاکہ مدارس کے تمام حقیقی بورڈز اور تنظیمیں ایک پیج پر ہیں، جملہ مسائل فوری حل کئے جائیں۔
مجلس عاملہ نے کہاکہ تمام مکاتب فکر کی باہمی مشاورت سے مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائےگا۔
وفاق المدارس کی مجلس عاملہ نے تعلیمی اور امتحانی امور پر بھی متعدد فیصلے کئے، اجلاس میں جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے بطور خاص شرکت کی۔
واضح رہے کہ مدارس بل پر صدر مملکت کے اعتراضات کے بعد گزشتہ روز اتحاد تنظیمات مدارس کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ صدر نے مقررہ وقت کے بعد اعتراضات عائد کئے ہیں، جن کی کوئی حیثیت نہیں، ایسی صورت میں بل ایکٹ بن چکا ہے، لہٰذا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

مزیدخبریں