واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایمازون کے بانی اور دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص، جیف بیزوس، کی سالانہ تنخواہ صرف 80 ہزار ڈالر ہے۔ تاہم ان کی اصل دولت ایمازون کے سٹاک ہولڈنگز کے ذریعے بڑھی۔ رپورٹس کے مطابق 2023 اور 2024 کے درمیان بیزوس نے ہر گھنٹے میں تقریباً آٹھ ملین ڈالر کمائے۔
نیوز 18 کے مطابق جیف بیزوس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی 10 فیصد ملکیت کو کافی سمجھتے تھے اور انہیں زیادہ تنخواہ کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ بیزوس کا کہنا تھا کہ بانی "اونر آپریٹرز" ہوتے ہیں، جو اپنی دولت کو مزید ایکوئٹی لینے کے بجائے اپنی موجودہ ملکیت کی قدر بڑھا کر بڑھاتے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کے ساتھ انٹرویو کے دوران میزبان نے بیزوس کی کم تنخواہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیزوس نے صرف 80 ہزار ڈالر سالانہ کمائے اور کمپنی میں مزید حصہ نہیں لیا۔ اس پر بیزوس نے کہا " میرا نظریہ یہ تھا کہ میں بانی ہوں، اور پہلے ہی کمپنی کے ایک بڑے حصے کا مالک ہوں۔ مجھے مزید لینے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ میرے پاس کافی ترغیب موجود تھی۔ میں پہلے 10 فیصد سے زیادہ کا مالک تھا، اور ابتدائی دنوں میں 20 فیصد سے بھی زیادہ۔ مجھے لگا کہ مجھے مزید کی ضرورت نہیں ہے۔"
بیزوس نے مزید کہا کہ اکثر بانی کمپنی کے بڑے حصے کے مالک ہوتے ہیں، اور انہیں اضافی تنخواہ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وہ اپنی دولت میں اضافے کے لیے کمپنی کی ایکوئٹی کی قدر بڑھاتے ہیں۔
جیف بیزوس نے تجویز دی کہ دنیا میں ایسے افراد کی درجہ بندی بھی ہونی چاہیے جو دوسروں کے لیے زیادہ دولت پیدا کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایمازون کی مارکیٹ ویلیو 2.3 ٹریلین ڈالرہے، جبکہ وہ خود 200 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔ ان کے مطابق، انہوں نے دوسروں کے لیے تقریباً 2.1 ٹریلین ڈالر کی دولت پیدا کی، جو انہیں اس فہرست میں اعلیٰ مقام کا حقدار بناتی ہے۔
سنہ 2023 میں جیف بیزوس کی دولت 107 ارب ڈالر تھی، جو 2024 میں بڑھ کر 177 ارب ڈالر ہوگئی۔ یہ 70 ارب ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ بیزوس نے رواں سال تقریباً 8 ملین ڈالر فی گھنٹہ کمائے۔