سمارٹ فونز کے بعد سمارٹ ڈیسک بھی آ گیا

سمارٹ فونز کے بعد سمارٹ ڈیسک بھی آ گیا
سمارٹ فونز کے بعد سمارٹ ڈیسک بھی آ گیا

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی جسم ایک مشین کی طرح ہے جسے صحت مند رکھنے کیلئے مناسب غذا اور آرام کیساتھ ساتھ مناسب ورزش کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ سائنسی تحقیقات میں یہ بات تو واضح ہو چکی ہے کہ گھنٹوں کسی کرسی یا صوبے پر بیٹھنا صحت کیلئے انتہائی مضر ہے اور آج کل کے جدید دور میں دفاتر میں کام کرنے والے افراد کو کئی کئی گھنٹوں تک کرسیوں پر براجمان رہتے ہیں جس کے باعث ان کی صحت تشویشناک مسائل سے دوچار ہو سکتی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹھنے والے افراد کو کچھ وقفے کے بعد تھوڑی دیر کیلئے کھڑے ہونا چاہئے اور اگر ممکن ہو تو 10 سے 15 منٹ کی چہل قدمی بہترین چیز ہے لیکن کمپیوٹر کے سامنے بیٹھو تو وقت کا کہاں پتہ چلتا ہے؟

اس پریشانی کا حل "Stir kinectic Desk" ہے جو آج کل کے دور کی طرح ہی ”جدید“ ہے۔ اس میز کے بائیں جانب ایک آئی فون کے سائز جتنی سکرین نصب ہے جسے استعمال کرتے ہوئے آپ میز کو یہ بتاتے ہیں کہ دن کے کون سے وقت آپ کھڑے ہونا چاہتے ہیں اور چہل قدمی کرنا چاہتے ہیں اور یہاں آپ کا کام ختم ہو جاتا ہے کیونکہ مطلوبہ وقت ہونے پر یہ میز خود بخود ہی کچھ انچ اوپر اٹھ جاتا ہے۔ اگرچہ یہ حیران کن ہے کہ آپ کا میز خود بخود ہی اوپر اٹھنا شروع ہو جائے اور مطلوبہ وقت پورا ہونے پر یہ دوبارہ اصلی حالت میں واپس آ جائے لیکن یہ ایک کارآمد ایجاد ہے خاص کر ان لوگوں کیلئے جو کرسی پر بیٹھنے کے بعد اٹھنا ہی بھول جاتے ہیں۔

اس کے اوپر نصب سکرین کے ذریعے آپ یہ طے کر سکتے ہیں کہ مطلوبہ وقت پر میز کتنا اوپر اٹھے اور کتنی دیر بعد واپس اصلی حالت میں واپس آئے جبکہ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ یہ میز آپ کے اٹھنے اور بیٹھنے کے اوقات کار کو یاد کر لیتا ہے جس کے بعد وقت طے کرنے کا مسئلہ بھی ختم ہو جاتا ہے اور یہ میز ایک اچھے بچے کی طرح خودبخود ہی اپنا کام کرتا رہتا ہے۔

مزید : سائنس اور ٹیکنالوجی