ڈاکٹرشاہد نوازپر حملہ کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،زوار بہادر

ڈاکٹرشاہد نوازپر حملہ کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،زوار بہادر

 لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد نوازپر حملے کرنے والے مجرموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے صوبہ بھر میں ڈاکٹروں کے احتجاجی مظاہرے حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ڈاکٹروں، علماء اور اساتذہ کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے مساجد کے خلاف آپریشن کررہی ہے انہوں نے سوال کیا کہ پولیس اتنی فارغ ہے کہ مسجدوں کے میناروں سے ہارن اُتار رہی ہے جس صوبہ میں جگہ جگہ جواء خانے اور شراب خانے کھلے ہوئے ہیں بھتہ کے لئے لوگوں کو اغواء کیا جارہا ہے لاہور جیسے شہر میں دن دیہاڑے لاکھوں کروڑوں کے ڈاکے پڑ رہے ہیں اس صوبے کے وزیر اعلیٰ اورانتظامیہ کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع میں علامہ حافظ محمد اکبر ،مولانا خادم حسین مجددی،حافظ نصیر احمد نورانی ،مولانا شبیر حسین فریدی،مولانا حافظ مقصود احمد ،علامہ سعید احمد ،مولانا محمد نعیم ،قاری منظور احمد جماعتی ،مفتی تصدق حسین ،مفتی محمد جمیل ،مولانا محمد اعظم قادری کے علاوہ دیگر علماء نے شرکت کی ۔علامہ قاری زوار بہادر نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے مساجد اور مدارس کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں ۔مسجدیں اللہ پاک کے گھر ہیں وہ ان کو بے آباد کرنے اور اجاڑنے والوں کو دنیا میں ذلیل و رسوا ء کردیتا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1