بیورو کے ریسکیو آپریشن اور انسداد گداگری مہم کا آغازآج سے ہوگا، صبا صادق
لاہور (خبرنگار) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق اے آئی جی رومیل اکرم اور ایس پی ٹریفک ردا عمر نے آج چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو لاہور میں پریس کانفرنس منعقد کی جس میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے بارے میں بتایاگیا۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کہا کہ ٹریفک سگنلز پر بھکاری مافیا پروان چڑھتا ہے اور اس کو ختم کرنے کیلئے بھرپور حکمت عملی طے کرلی گئی ہے انھوں نے بتایا کہ بیورو کے ریسکیو آپریشن اور انسداد گداگری مہم کا آغازآج کیا جائے گاجس میں سٹی ٹریفک پولیس کی مدد سے بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا جائے گا۔ یہ مہم دو ہفتے جاری رہے گی جس میں شہر کے تمام بڑے علاقوں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا جائے گا۔ انسداد گداگری مہم کے دوران جن علاقوں میں ریسکیو آپریشن کیا جائے گا وہاں بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کے خلاف عوام آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔ جس میں بینرز لگائے جائیں گے اور شہریوں میں بروشر وغیرہ بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھکاری بچوں کو تعلیم اور ہنر کے ذریعے با عزت روزگار دیا جائے گا۔ رومیل اکرم نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔