دوسری سہہ ماہی میں ساڑھے 42 کھرب کی ای ٹرانزیکشنزکی گئیں

دوسری سہہ ماہی میں ساڑھے 42 کھرب کی ای ٹرانزیکشنزکی گئیں

 اسلام آباد (اے پی پی) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 2014-15ء کی دوسری سہ ماہی( اکتوبر تا دسمبر (کے دوران ای بینکنگ کی ٹرانزیکشنز کی مالیت میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلہ میں 38 فیصد نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران پاکستان ریٹل ٹائم انٹر بینک سیٹلمینٹ میکنزم (پی آر آئی ایس ایم) کے تحت ایک لاکھ 88 ہزار 424 ٹرانزیکشنز کی سیٹلمینٹ کی گئی جن کی تعداد مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں 14 فیصد زائد رہی ہے۔ دوسری سہ ماہی کے دوران سیٹل کی گئی ٹرانزیکشنز کی مالیت 42 کھرب 40 ارب روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایس بی پی کے اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر تا دسمبر کے عرصہ کے دوران انٹرنیٹ بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تعداد میں 0.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے تاہم ان کی مالیت گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 2.16 فیصد کم رہی ہے۔ اسی طرح مختلف بینکوں کی جانب سے لگائی گئی اے ٹی ایمز سے کی گئی ٹرانزیکشنز کی تعداد میں 3 فیصد جبکہ مالیت میں 1.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ای بینکنگ کے تحت کی جانے والی مجموعی ٹرانزیکشنز میں اے ٹی ایمز سے کی جانے والی ٹرانزیکشنز کا حصہ 64.3 فیصد رہا ہے۔   سٹیٹ بینک کے مطابق دوسری سہ ماہی کے دوران 3 لاکھ 19 ہزار نئے پلاسٹک کارڈز جاری کئے گئے جس سے ملک میں پلاسٹک کارڈز کی تعداد 26 ملین تک بڑھ گئی ہے جن میں ڈیبٹ کارڈز کی تعداد 23.7 ملین، کریڈٹ کارڈز 1.3 ملین اور اے ٹی ایم کارڈز 0.9 ملین کی تعداد میں شامل ہے۔

مزید : کامرس