نواب ٹاؤن ، شادی والے گھر سے 9ماہ کے بچے کو اغوا کر لیا گیا

نواب ٹاؤن ، شادی والے گھر سے 9ماہ کے بچے کو اغوا کر لیا گیا

لاہور (کرائم سیل ) نواب ٹاؤن کے علاقہ میں شادی والے گھر سے 9ماہ کے بچے کو اغوا کر لیا گیا ،پولیس نے مغوی کے والد کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقد مہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یوحنا آباد کا رہا ئشی یو نس بھٹی اپنی بیوی حنا اور 9ماہ کے بچے صروبہ کے ہمراہ نواب ٹاؤن رسول پورہ پنڈمیں اپنے قریبی عزیز منیر کے چھوٹے بھائی کی شادی میں شرکت کیلئے آیا ہوا تھا۔ گزشتہ روز وہ بارات سے واپس آئے تو اس کے بعد ان کے نو ماہ کے بیٹے کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا جس کے بعد شادی والے گھر میں بچے کی ماں نے رونا پیٹنا شروع کر دیا۔ شادی میں شریک تمام مہمانوں نے بچے کو تلاش کرنے کی کوشش کی اور پولیس کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر بچے کے والدین ، دولہااور اسکے اہل خانہ سے بچے کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ پولیس نے بچے کے والد یونس بھٹی کی درخواست پر نامعلوم خاتون اور اسکے ساتھیوں کے خلاف اغوا کا مقد مہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے بچے کو بازیاب کروالیا جائے گا ۔

مزید : علاقائی