اورنج لائن ٹرین کی سابق ٹھیکیدار کمپنی کا نام بلیک لسٹ کمپنیز کی فہرست سے نکالنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن ٹرین کی سابق ٹھیکیدار کمپنی کا نام پیپرا کی بلیک لسٹ کمپنیز کی فہرست سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے ۔
جسٹس عائشہ اے ملک نے یہ حکم مقبول کالسن کی درخواست پر جاری کیا ہے، عدالتی کارروائی کے دوران مقبول کالسن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہائیکورٹ نے کمپنی کا نام بلیک لسٹنگ کمپنیز کی فہرست سے نکالنے کا حکم دیا اور پیپرا کا نوٹیفکیشن عبوری طور پر معطل کر دیا لیکن تاحال پیپرا کی ویب سائٹ پر نام بلیک لسٹنگ کمپنیز کی فہرست میں موجود ہے جس پر عدالت نے مقبول کالسن کا نام بلیک لسٹنگ کی فہرست سے نہ نکالنے پر پیپرا پر اظہار برہمی کیا اور حکم جاری کیا کہ مقبول کالسن کا نام پیپرا کی بلیک لسٹنگ کمپنیز کی فہرست سے نکال کر 17مارچ کو رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔