ٹی 20: آسٹریلیا نے 245کا ہدف پورا کر کے نیاعالمی ریکارڈ بنا ڈالا

ٹی 20: آسٹریلیا نے 245کا ہدف پورا کر کے نیاعالمی ریکارڈ بنا ڈالا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


آکلینڈ(سپورٹس ڈیسک) سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں ڈی آرسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر کی نصف سنچریاں، مارٹن گپٹل کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، آسٹریلیا نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں بڑا ہدف حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، کینگروز نے کیویز کو 5 وکٹوں سے شکست دی، آسٹریلوی ٹیم نے 244 رنز کا ہدف 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ڈی آرسی شارٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 121 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، آرسی شارٹ 76 اور وارنر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کیویز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ڈی آرسی شارٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو آکلینڈ میں سہ ملکی سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، گپٹل اور منرو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کینگروز باؤلرز کی خوب دھنائی کی اور ٹیم کو 132 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، یہاں پر اینڈریو ٹائی نے منرو کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، منرو نے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی، سیفرٹ 12 رنز بنا سکے، 212 کے سکور پر نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ گری جب گپٹل جو کہ جارحانہ بیٹنگ کر رہے تھے 105 رنز بنانے کے بعد ٹائی کی گیند کا نشانہ بنے، گپٹل نے 54 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 105 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، چپمین 16 کولن ڈی گرینڈ ہوم 3 اور کپتان ولیمسن ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، روز ٹیلر 17 اور ویلر ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، رچرڈسن اور ٹائی نے 2، 2 سٹین لیک اور ایگر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، وارنر اور ڈی آرسی شارٹ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 121 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، یہاں پر سودھی نے وارنر کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، وارنر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کرس لین 18 رنز بنا کر گرینڈہوم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس موقع پر ڈی آرسی شارٹ نے میکسویل کے ساتھ مل کر سکور 199 تک پہنچا کر اسے فتح کے قریب پہنچا دیا، میکسویل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، 217 کے سکور پر بوٹ نے آرسی شارٹ کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، شارٹ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سٹوئنس 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔
، اس کے بعد ایرون فنچ نے 14 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ بولٹ، ٹم ساؤتھی، آئش سودی اور گرینڈ ہوم نے ایک، ایک وکٹ لی۔