سپرنگ پولوکپ ، آرمی وائٹ نے ڈائمنڈ پینٹس بلیک کو ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

سپرنگ پولوکپ ، آرمی وائٹ نے ڈائمنڈ پینٹس بلیک کو ہرا کر مین فائنل کیلئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سپورٹس رپورٹر ) سپرنگ پولو کپ 2018ء کے چوتھے روز آرمی وائٹ نے ڈائمنڈ پینٹس بلیک کو 7-2 سے ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں سپرنگ پولو کپ 2018ء کے دلچسپ میچزٍ جاری ہیں۔ اس موقع پرلاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، پاکستان پولو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کرنل رب نواز ٹوانہ، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر، سیکرٹری کلب کرنل (ر) شعیب آفتاب، ممبرز اور فیملیز کی بڑی تعداد شامل تھی۔ آرمی وائٹ کی ٹیم نے پہلے چکر سے میچ میں حاوی رہی۔ پہلے چکر میں ہی آرمی وائٹ نے دو گول سکور کرکے برتری حاصل کرلی۔ دوسرے چکر میں بھی آرمی وائٹ نے دو گول سکور کیے جبکہ ڈائمنڈ پینٹس بلیک نے ایک گول سکور کیا۔
تیسرے چکر میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ چوتھے چکر میں آرمی وائٹ نے دو گول سکور کیے۔آرمی وائٹ کی طرف سے بریگیڈیئرذوالفقار بیگ نے شاندار کھیل پیش کیا اور تین گول سکور کیے۔ میجر عمر منہاس نے دو، اگناسیو ناگری اور میجر حسیب منہاس نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ڈائمنڈ پینٹس بلیک کی طرف سے دونوں گول ایلگو کیسٹینونے سکور کیے۔آج بروز ہفتہ کو دو اہم میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ دوپہر سوا ایک بجے باڑیز اور رضویز/ماسٹر پینٹس کے درمیان جبکہ دوسرا میچ دوپہر سوا دو بجے نیوایج/گارڈ گروپ اور ماسٹرپینٹس بلیک کے درمیان کھیلا جائے گا۔