سیکرٹری زراعت پنجاب کاضلع خوشاب اور میانوالی کے سرکاری زرعی فارمز کا دورہ

سیکرٹری زراعت پنجاب کاضلع خوشاب اور میانوالی کے سرکاری زرعی فارمز کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر)محمد محمود،سیکرٹری زراعت پنجاب نے ضلع خوشاب اور میانوالی کے مختلف سرکاری زرعی فارمز کے دورہ کے دوران کہا کہ سرکاری زرعی فارمز کو رول ماڈل فارمز کے طور پر نظر آنا چاہیے اور اس ضمن میں متعلقہ افسران اور عملہ پوری جانفشانی سے کام کرے تاکہ یہاں آنے والے کاشتکار جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کر سکیں اور یہاں جاری کاموں کی تقلید کرتے ہوئے اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر عابد محمود،ڈائریکڑ جنرل زراعت(ریسرچ)،ظفریاب حیدر،ڈائریکٹرجنرل زراعت (توسیع)،ملک محمد اکرم ،ڈائریکٹر جنرل (اصلاحِ آبپاشی )،ڈاکٹر قربان ،ڈائریکٹرجنرل(فیلڈ) اور خالد محمود بھی ہمراہ تھے۔محمد محمود نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری فارمز پر جدید نظام آبپاشی کی تنصیب کی جائے تاکہ نہ صرف ان سرکاری فارمز پر پانی کی بچت ہو سکے بلکہ یہ نظام کاشتکاروں میں بھی مقبولیت پا جائے۔تمام سرکاری فارمز کی زمین کو لیزرلینڈ لیولر سے ہموار کرکے اس پر موسمی ماحول سے مطابقت رکھنے والی فصلوں کی کاشت کریں۔ان فارمز پر دستیاب وسائل کو افسران بروئے کار لاتے ہوئے اس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران اور ماتحت عملہ کے خلاف بلاتفریق کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انھوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان زرعی فارمز پر ہائی ویلیو کراپس کی کاشت کو فروغ دیا جائے اور فارمر ڈے کا انعقاد ان زرعی فارمز پر کیا جائے تاکہ کاشتکار نہ صرف یہاں ہونے والے جاری کاموں کو دیکھ سکیں بلکہ ماہرین سے اپنے مسائل کا تبادلہ کرکے انھیں حل کر سکیں۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ محکمہ توسیع کے افسران اور عملہ کاشتکاروں سے اپنے روابط میں بہتری پیدا کریں اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں کیونکہ کسان کی خدمت ہی محکمہ زراعت کا نصب العین ہے۔سیکرٹری زراعت نے کاشتکاروں کو بروقت اعلیٰ زرعی مداخل کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ کاشتکاروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے۔