حکومت نے اخراجات پورے کرنے کیلئے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا، شہباز ابن علی

حکومت نے اخراجات پورے کرنے کیلئے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا، شہباز ابن علی

لاہور(نمائندہ خصوصی )غریب آدمی پارٹی پا کستا ن کے صدر شہباز ابن علی نے کہا ہے کہ عوام دوستی کے دعویدار حکمرانوں نے غریب عوام پر مہنگائی مسلط کر رکھی ہے پٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی لوٹ مار عروج پر ہے،حکومت نے اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے تمام تر بوجھ غریب عوام کے ناتواں کندھوں پر ڈال رکھاہے اُن سے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں حد سے زیادہ قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں جو غریب آدمی کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے ۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت پٹرولیم نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں کی تفصیلات پیش کرکے حکومت کی عوام دوستی کا پول کھول دیا ہے ،وزارت پٹرولیم کی رپورٹ کے مطابق ڈیز ل کی ایکس ریفائنری قیمت 55 روپے 9 پیسے ہے جبکہ اس وقت صارفین کیلئے ڈیزل کی قیمت 95 روپے 83 پیسے مقررہے اسی طرح ایک لیٹر پٹرول پر ٹیکس کی شرح 34 روپے 24 پیسے ہے یعنی پٹرول کی مد میں حکومت اس کی اصل قیمت پر 68 فیصد ٹیکس وصول کر رہی ہے جو غریب عوام کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے،غریب عوام تو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں لہذاپٹرولیم مصنوعات پر غیر ضروری ٹیکسوں کی بھر مار کو فوری طور پر ختم کیاجائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...