میاں فیملی عوام سے ووٹ نہیں کرپشن کی اجازت مانگ رہی ہے ،عبدالعلیم
لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اب سزا یافتہ ہونے کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور متوقع فیصلوں کے خلاف بول کرنیا بیانیہ تراش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں فیملی عوام سے ووٹ یا مد د نہیں کرپشن کی اجازت مانگ رہی ہے عبدالعلیم خان قصور میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں نواز لیگ کے رہنماؤں عطا ء الرحمان انصاری نے اپنی پوری برادری سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ نواز لیگ کے دیگر مقامی رہنماؤں فیاض سندھو ، سابقہ ناظم حاجی محبوب ،حاجی عبدالرشید اور سابقہ ناظم حاجی احمد رضا نے اپنے تمام ساتھیوں سمیت نواز لیگ کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری محمد سرور،سردار آصف احمد علی ،علی امتیاز وڑائچ اور ضلع قصور سے نائب ناظم چوہدری مبشر ،چیئرمین سردار خالد ڈوگر ،چوہدری افضال طور ،ماسٹر یعقوب،سردار زبیر ڈوگر،چوہدری علی ،سردار ذاہد ،سردار اسلم بھولا اور سردار وقاص بھی موجود تھے ،نیو لاڑی اڈا پر منعقد ہونے والے اس کنونشن میں پارٹی کارکنوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے عبدالعلیم خان اور ان کے ساتھیوں کا بھرپور استقبال کیا ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ،اپنے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے ہم نوا جمہوریت کیلئے نہیں کسی مزید این آر او کیلئے رورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ طویل مہلت ملنے کے باوجود عدالتوں میں صفائی پیش نہ کرپانے والے شریفوں کی حقیقت پاکستانی عوام ہی نہیں پوری دنیا جان چکی ہے،کئی ملکوں میں جمع کی گئی لوٹ مار کی کمائی اور جائیدادیں خود چیخ چیخ کر ان کی کرپشن کا پول کھول رہی ہیں، عبدالعلیم خان نے کہا کہ مال بچانے کیلئے یہ کسی ڈیل کی تلاش میں مارے مارے پھرنے والے نواز شریف کو معلوم ہوچکا کہ معصومیت کا تماشا لگانے کے باوجود عدالتوں کی کارروائی رکنے والی نہیں،فاضل جج صاحبان کیخلاف ہرزہ سرائی اور عوام کو بغاوت پر اکسانے کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے، نواز شریف کو تو احتساب کے بخار نے حواس باختہ کردیا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ ڈرامہ زیادہ دیر چلنے والا نہیں،پی ٹی آئی اور عمران خان کی کردار کشی کیلئے استعمال کئے جانے والے حربے الٹے پڑنے لگے ہیں،عائشہ گلالئی جیسا پتھر واپس جاتی امراء پر آگرا،آگے چل کر جمہوریت کے لبادے میں آمریت کو فروغ دینے والی پارٹی کے اپنے مہرے ہی ان کی بساط لپیٹ دینے کیلئے کافی ثابت ہونگے۔