تحریک انصاف کا پارٹی آئین پر نظر ثانی کا فیصلہ ، جماعتی ڈھانچے کی تعمیر سے غافل نہیں : عمران خان
لاہور،بنی گالہ (آئی این پی) تحریک انصاف نے پارٹی آئین پرجامع انداز میں نظر ثانی کا فیصلہ کرتے ہوئے آئینی ماہرین اور سینئر پارٹی رہنماں پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی میں بابراعوان، اظہر طارق، عارف علوی، عامر کیانی اور شاہد نسیم گوندل شامل ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری سے قائم یہ کمیٹی پارٹی آئین کا مفصل جائزہ لے گی اور پارٹی آئین کو بہتر اور جامع بنانے کیلئے اپنی سفارشات عمران خان کو پیش کرے گی اس سلسلے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف صحیح معنوں میں ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے، ہم پارٹی کو ادارہ بنانے کیلئے مسلسل محنت کر رہے ہیں، کسی بھی جماعت کی تنظیم و تشکیل کا انحصار اس کے آئینی ڈھانچے پر ہوتا ہے، سیاست میں پیش قدمی کے ساتھ جماعت کے اندرونی ڈھانچے کی تعمیر سے غافل نہیں ہوں گے، آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان کے ساتھ بہترین سیاسی جماعت بھی دیں گے۔دریں اثناء چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پانامہ پیپرز میں انکشاف کے بعد کینیڈین حکومت کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے دنیا میں ادارے ایساطرز عمل اختیار نہیں کرتے جیسا ایف بی آر اور دیگر اداروں نے کیا ، ذمہ دار ادارے کرپشن کیخلاف ایسی کارروائی کرتے ہیں جیسے کینیڈا میں ہوئی۔
عمران خان