شہباز شریف کا عام انتخابات میں کامیابی پر لاہور میں فری کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان

شہباز شریف کا عام انتخابات میں کامیابی پر لاہور میں فری کینسر ہسپتال بنانے ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں عوام نے ہمیں خدمت کے لئے دوبارہ منتخب کیا تو ستمبر میں کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے تاکہ عوام کو کینسر جیسے مرض کے علاج کی بہتر سہولت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبزہ زار کے افتتاح کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فری کینسر ہسپتال کے لئے دنیا بھر کے اعلیٰ ترین کینسر ہسپتالوں میں کام کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کو وطن واپس آ کر عوام کی خدمت کی دعوت دیں گے اور غیرملکی ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے والے قابل اور پروفیشنل ڈاکٹروں کو منت کرکے بھی واپس لائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور اور گرد و نواح میں گزشتہ چار سال میں 6 ہسپتال بنانے کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وژن ہے۔ قائد محمد نواز شریف نے موٹروے بنائی اور دیہات میں پکی سڑکوں کا پراجیکٹ اور وژن دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا مشن خدمت خلق اور خدمت انسانیت ہے۔ امانت، دیانت اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔قبل ازیں رکن قومی اسمبلی مہراشتیاق احمد اورصوبائی وزیرخواجہ عمران نذیر، میاں مرغوب احمد اورانڈس ریجنل بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان نے خطاب کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے عوام نے یو ٹرن، لاک ڈاؤن اور دھرنا کریسی کا احتساب کرکے حساب چکا دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنے والوں نے عوام کی خدمت کی بجائے تمام وقت بے بنیاد الزامات پر برباد کیا اس لئے ترقی کے میدان میں ان کی کارکردگی صفر جمع صفررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کھوکھلے نعروں نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اورہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین اسمبلی راؤاجمل،عالم داد لالیکااورایم پی اے سلطان حیدر شامل تھے۔بعدازاں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور سردار جمال لغاری کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ریکارڈ مدت میں توانائی منصوبے مکمل کر کے ملک سے اندھیرے دور کئے ہیں اور توانائی بحران کے خاتمے سے صنعتی ترقی کا عمل تیز ہوگا اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی مجھے دل وجان سے عزیزہے اس لئے جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔وفاقی وزیرتوانائی سرداراویس لغاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی پر اربوں روپے نچھاور کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

شہبازشریف/ملاقات

اوکاڑہ(بیورو رپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) میں کوئی دھڑے بندی نہیں، لودھراں کے ضمنی الیکشن میں مخالفین کو شکست اور مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی جیت موجودہ حکومت کی کار کردگی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصبہ گوگیرہ اوکاڑہ میں پولٹری ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر محمدا سلم ملک کی رہائش گاہ پر ان کی و الدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس دن سے ا قتدار سنبھالا ان کے ترقیاتی کاموں میں بلا جواز روڑے اٹکائے گئے لیکن اس کے باوجود اپنی حکمت عملی سے موجودہ حکومت نے ترقی کا پہیہ جام نہیں ہونے دیا ۔میاں شہباز شریف نے گوگیرہ کے شہریوں کی جانب سے ٹاؤن کمیٹی گوگیرہ کیلئے سیوریج کی صفائی کے لیے راڈنگ مشین ا ور جینٹنگ مشین کی فوری خریداری اور سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی کے لیے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کو ایک کروڑ بیس لاکھ کی گرانٹ جاری کرنے کا حکم دیا ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے مقامی رکن قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ کی جانب سے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل پر ان کی کار کردگی کو سراہا ۔

وزیراعلی پنجاب/دورہ گوگیرہ

مزید : صفحہ اول


loading...