پسماندہ طبقات کیلئے ریاست نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی،رضا ربانی
اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ غریبوں اور پسماندہ طبقات کے حوالے سے ریاست نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، ان کے لیے تو حکومتوں نے کوئی مالی سکیم نہیں بنائی جبکہ اشرافیہ کے لیے ہر پانچ چھ سالوں کے بعد ایمنسٹی سکیم متعارف کراکے قرضے معاف کردیئے جاتے ہیں، اشرافیہ قرضے لیکر ملکی معاشی جڑوں کو کھوکھلا کردیتی ہے ،حکومتوں کو بجلی کے بوجھ تلے دبے غریب عوام کے لیے مالی سکیمیں متعارف کروانے کی توفیق نہیں ملتی ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو عظمت پاکستان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام’’ اخوت کی ناقابل یقین کہانی عظمت پاکستان کی زبانی ‘‘ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ پاکستان کی عوام دیانتداری کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں جبکہ ریاست نے ان کے حوالے سے فرائض پورے نہیں کیے اور وہ صرف اشرافیہ کے لیے کام کرتی ہے۔ یہ افسوس کا مقام ہے کہ اشرافیہ جو قرضے لیکر ملک کی معیشت کی جڑوں کو کھوکھلا کردیتی ہے ۔ ان کیلئے ہر پانچ چھ سال کے بعد ایمنسٹی سکیم متعارف کرواکر قرضے معاف کردیئے جاتے ہیں۔
رضا ربانی