(ن) لیگ نے اداروں کیخلاف بولنے کیلئے سینیٹ ٹکٹ کی پیشکش کی : عائشہ گلالئی

(ن) لیگ نے اداروں کیخلاف بولنے کیلئے سینیٹ ٹکٹ کی پیشکش کی : عائشہ گلالئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف عمران خان کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ (ن) پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ اداروں کیخلاف بولنے کیلئے حکمراں جماعت نے سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ میرے نزدیک اداروں کے خلاف بات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے اور وقت آنے پر ٹکٹ دینے والے کا نام بھی بتا دوں گی۔دوسری جانب عائشہ گلالئی کے الزامات پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہداللہ کا کہنا ہے کہ جن ہاتھوں میں عمران خان اور طاہرالقادری کھیلتے ہیں، عائشہ گلالئی بھی انہی ہاتھوں میں کھیل رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کے پاس سینیٹ ٹکٹ کیلئے قد آور لوگوں کی لائن لگی ہوئی ہے۔سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ گلالئی پہلے سیاست میں خود کو اس مقام تک لائیں کہ (ن) لیگ انہیں ٹکٹ کی آفر کرے، عائشہ گلالئی نے جو بیانیہ دیا وہ شکست کھا چکا ہے اسلئے انہیں اپنے قد سے زیادہ بات نہیں کرنی چاہیے۔تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کرنا مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی ہے اور پانامہ فیصلہ آنے کے بعد حکمراں جماعت نے عائشہ گلالئی کو استعمال کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ لگتا ہے مسلم لیگ (ن) نے عائشہ گلالئی سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے اور (ن) لیگ نے بندوق اپنے پاؤں پر چلا دی ہے۔
گلالئی کوجواب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی چھوڑدی، جھوٹ بولنانہیں چھوڑا،ان کا بیان جھوٹ پرمبنی اور انتہائی افسوسناک ہے، وہ سیاسی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں پارٹی ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ گلالئی جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے اس لیگی رہنما کا نام بتائیں جس نے انہیں سینٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی۔ مسلم لیگ ن کے وفادار اور مخلص کارکنوں کی موجودگی میں کسی باہر والے کو ٹکٹ دینے کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی کوئی گنجائش ہے ۔واضح رہے عائشہ گلالئی کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا ن لیگ نے مجھے فوج کیخلاف بات کرنے پر اکسایا، مجھے کہا گیا آپ کو سینیٹ کا ٹکٹ دیں گے تاہم میں نے (ن) لیگ کی آفر مسترد کر دی۔ انہوں نے کہا یہ بات میرے جذبہ حب الوطنی کیخلاف ہے، فوج ہی ایک ادارہ ہے جو ملک کیلئے کام کر رہا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -