شہباز شریف نے جعلی پولیس مقابلے کرنے والے اہلکاروں کو ترقیوں سے نوازا: ڈاکٹر طاہر القادری

شہباز شریف نے جعلی پولیس مقابلے کرنے والے اہلکاروں کو ترقیوں سے نوازا: ڈاکٹر ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے پنجاب میں ماورائے عدالت قتل کرنے والے پولیس اہلکاروں کو ترقیاں دینے کے حوالے سے چیف جسٹس ثاقب نثار کی آبزرویشن زمینی حقائق کے عین مطابق ہے، شہباز شریف نے جعلی پولیس مقابلے کرنے والوں کے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری میں حصہ لینے والے تمام بیوروکریٹس، پولیس افسران اور اہلکاروں کو ترقیوں، پسندیدہ پوسٹنگ سے نوزا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی منصوبہ بندی پر بھی کچھ پولیس افسروں کوشولڈر پروموشن دے کر ان سے بے گناہ شہری قتل کروائے گئے۔ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف برادران کا اول روز سے یہ طریقہ واردات رہا ہے کہ یہ جونیئرز کو سینئرز پر مسلط کرتے اور مرضی کے کام نکلواتے ہیں اور پھر بطور رشوت انہیں مرضی کے تقرر و تبادلہ کی سہولت دیتے ہیں۔ آؤٹ آف ٹرن ترقیوں اور پوسٹنگ میں پنجاب نمبرون صوبہ ہے، انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تحقیقات کروائیں انہیں ہر قتل کے پیچھے اشرافیہ اور ان کے حواریوں کے ہاتھ اور چہرے ملیں گے۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا جن کی نگرانی میں سانحہ ماڈل ٹاؤن ہوا انہیں بلوچستان سے پنجاب میں صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کیلئے لایا گیا تھا اور پھر انہیں شہباز شریف نے ریٹائرمنٹ سے قبل ہی اپنا مشیر بنا لیا۔ آج کل وہ وفاق میں ایک اہم آئینی عہدہ پر براجمان ہیں۔ شریف برادران سلطانی گواہ بن جانے کے خوف میں مبتلا ہیں اسی لیے سابق آئی جی مشتاق سکھیرا اور ڈاکٹر توقیر شاہ کی آؤ بھگت کررہے ہیں انہیں ان کی اہلیت سے زیادہ بڑے عہدے دئیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر توقیر شاہ آج کل جنیوا میں سفیر ہیں، اسی طرح سانحہ میں حصہ لینے والے تمام ایس ترقیاں پا چکے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر


loading...