دشمن قوتوں کو ہمارا دکھی انسانیت کی خدمت کرنا بھی برداشت نہیں: حافظ سعید

دشمن قوتوں کو ہمارا دکھی انسانیت کی خدمت کرنا بھی برداشت نہیں: حافظ سعید

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر)امیرجماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی و امریکی دباؤ پر جماعۃالدعوۃ کے تعلیمی اداروں، ایمبولینسوں، ہسپتالوں اور دیگر اداروں پر قبضہ کیا گیا۔ دشمن قوتوں کو ہمارا دکھی انسانیت کی خدمت کرنا بھی برداشت نہیں ہے۔ہم پاکستان کے محافظ ہیں‘ ہمارے لئے اپنی جماعت کے ادارے نہیں یہ ملک زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ بیرونی قوتوں کااصل ٹارگٹ سی پیک اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام ہے۔ وہ وطن عزیز پاکستان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اسے انڈیا کا دست نگر بنانا چاہتے ہیں۔پاک فوج اور عدلیہ کیخلاف بیان بازی کر کے لوگوں کو بھڑکانا انڈیا کا ایجنڈا ہے۔ حکمران اللہ کی پکڑ کا شکار ہیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ چند دن قبل پاس کردہ صدارتی آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ جسے اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے وہ پاکستان میں بھی دہشت گرد ہے اور ایسی تنظیموں اور اداروں پر پابندیاں لگنی چاہئیں۔سیاستدان و حکمران دنیا میں خود کو امن پسند ظاہر کرنے کیلئے آئین وقانون کی دھجیاں اڑارہے ہیں۔ امریکہ بھی کہتا ہے کہ جماعۃالدعوۃ کیخلاف اقدامات کا دائرہ وسیع کیا جائے ۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمران بیرونی قوتوں کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہوئے سب کچھ کرتے جارہے ہیں۔ آج جماعۃالدعوۃ کے اثاثوں پر قبضہ کیلئے صدارتی آرڈیننس پاس کیا گیاکل کو دشمن قوتیں اسی آرڈیننس کا اطلاق پاکستان پر کریں گی اور کہا جائے گاکہ آپ کا ایٹمی پروگرام انڈیااور اسرائیل کیلئے خطرہ ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...