پاک سعودی بحری افواج کی بحری مشق افعی الساحل اختتام پذیر

پاک سعودی بحری افواج کی بحری مشق افعی الساحل اختتام پذیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ (SSG Navy) اور رائل سعودی نیول فورسز ( RSNF) کی اسپیشل آپریشن فورسز کے مابین ہونے والی پندرہ روزہ دو طرفہ بحری مشق افعی الساحل چہارم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ مشق دونوں بحری افواج کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون کی اہم علامت ہے۔ دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کا فروغ، پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ ، دفاعی تکنیک اور طریقہ کار کی مشق اوربحری دہشت گردی کی روک تھام کے لیے آپریشنز کے حوالے سے پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ مشق کے بنیادی مقاصد تھے۔ بحری مشق افعی الساحل دو مراحل پر مشتمل تھی۔ پہلے مرحلے میں زمینی سرگرمیاں شامل تھیں جس کے دوران چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ، اسنائپر فائرنگ، کلوز کوارٹر کمبیٹ، دشمن کے اہداف پر حملوں کی مشق کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں کیے جانے والے خصوصی آپریشنز اور دفاعی حکمت عملی کی ریہرسل کی گئی۔ پہلے مرحلے کے دوران کی جانی والی مشقوں سے دونوں بحری افواج کو کھلے سمندر میں آپریشنز کے لیے درکا ر صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔ مشق کے دوسرے مرحلے کے دوران کھلے سمندر میں سمندری دہشت گردی، بحری قذاقی اورانسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اسپیشل میری ٹائم آپریشنز کیے گئے ۔ مشق کا دوسرا مرحلہ فائنل ٹیسٹ ایکسر سائز (ٖFTX) کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔ رائل سعودی نیول فورسز کے اسپیشل آپریشن فورس کمانڈر ، کموڈور حمدان صالح الشہری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معزز مہمان نے مشق میں شریک دونوں بحری افواج کی ٹیموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور صلاحیت کی تعریف کی اور کہا کہ اس مشق سے روایتی اور غیر روایتی خطرات کے خلاف آپریشنز کے حوالے سے ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا۔ مجموعی طور پر مشق کے تمام اہداف اور مقاصد حاصل کیے گئے اور یہ دونوں افواج کے لیے نہایت سود مند ثابت ہوئی ۔ پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان باہمی تعاون کی ایک طویل تاریخ موجود ہے جو دونوں ممالک کی عوام کے درمیان گہرے برادرانہ روابط کی علامت ہے ۔ دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز کے درمیان ہونے وا لی بحری مشق افعی الساحل دونوں برادر ممالک کے مابین اعتماد کی مظہر ہے۔