سینیٹ انتخابات ، اسحق ڈار ودیگر کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ آج ہو گا

سینیٹ انتخابات ، اسحق ڈار ودیگر کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ آج ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان پر مشتمل الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے سابق وزیرخزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ کے امیدوار اسحاق ڈاراورحافظ عبدالکریم نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف دائر اپیلوں پرریٹرننگ افسر سے جواب طلب کر لیا۔اسحاق ڈار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں تمام تفصیلات فراہم کیں جبکہ اپنے اثاثے بھی ظاہر کئے،انہوں نے استدعا کی ان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے،مسلم لیگ (ن) کے دوسرے امیدوار حافظ عبدالکریم کے وکیل نے ٹربیونل کو بتایا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت کسی قانونی جواز کے بغیر ریٹرننگ افسر کو ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا،ریٹرننگ افسر کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے ،ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے جس پرعدالت نے ریٹرننگ افسر پنجاب کو آج 17فروری کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں ،ان اپیلوں کا فیصلہ بھی آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل میں سینیٹ کے لئے وزیر اعظم کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی اور مسلم لیگ (ن)کی امیدوار نزہت صادق کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف دائر اپیلوں پر ریٹرننگ افسر سے جواب طلب کر لیاگیاہے،ٹربیونل نے کامران مائیکل کے خلاف اپیل واپس لئے جانے کی بناء پر نمٹا دی،جسٹس امین الدین خان پر مشتمل سنگل رکنی ٹربیونل نے اپیلوں کی سماعت کی،پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار عندلیب عباس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سعدیہ عباسی ، نزہت صادق نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے،بیرون ملک سفر کی تفصیلات فراہم نہیں کیں،دونوں امیدواروں نے غیر ملکی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ فراہم نہیں کیا، انہوں نے استدعا کی کہ سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے،ٹربیونل نے ان اپیلوں پرریٹرننگ افسر سے جواب مانگ لیا ہے اور امکان ہے کہ اس کیس کا فیصلہ بھی آج 17فروری ہی کو کردیاجائے گا۔کامران مائیکل کے کاغذات نامزدگی کو اقلیتی امیدوار وکٹرکی جانب سے چیلنج کیا تھاتاہم درخواست گزار کی جانب سے اپیل واپس لئے جانے پر ٹربیونل نے کامران مائیکل کے خلاف اپیل نمٹا دی۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...