کوہاٹ میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائی ، بھاری کھیپ اسلحہ برآمد ، 28گرفتار

کوہاٹ میں سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائی ، بھاری کھیپ اسلحہ برآمد ، 28گرفتار

کوہاٹ (بیورورپورٹ)کوہاٹ لاچی پولیس نے ہتھیاروں کی بھاری کھیپ برآمد کرکے 28مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔حساس اطلاعات کی بنیاد پرسماج دشمن عناصر کی تلاش میں بڑے پیمانے پر تحصیل لاچی کے مختلف علاقوں درملک ،سماری اور مندوری کی آبادی میں کومبنگ آپریشن کیا گیا۔کاروائی کے دوران حراست میں لیے گئے افراد کو چھان بین کیلئے متعلقہ تھانے میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی طرف سے قومی ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی واضح ہدایات پرضلع بھر میں مشتبہ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کی کارروائی جمعرات کی صبح کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے مختلف علاقوں درملک،سماری اور مندوری کی آبادی سمیت ملحقہ پہاڑی دروں میں کی گئی جس میں پولیس کی بھاری نفری نے ڈی ایس پی لاچی روخان زیب کی قیادت میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 28مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیااور انکے قبضے سے مجموعی طور پر چار ریپیٹرز،دس بندوق، بارہ پستول اور مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس برآمد کرلئے۔سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کارروائی چار گھنٹے مسلسل جاری رہی جسمیں گرفتار افراد اور پکڑے گئے ہتھیار سخت سیکیورٹی میں تھانہ لاچی منتقل کردئیے گئے جہاں ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے اور زیر حراست تمام افراد کو پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیاہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...