کراچی ،تحریک انصاف کا میگا ممبر شپ کیمپ اتوار تک جاری رہے گا

کراچی ،تحریک انصاف کا میگا ممبر شپ کیمپ اتوار تک جاری رہے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سوائے عدل و انصاف کے اورکچھ نہیں چاہتی۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ کراچی میں پارٹی کارکنان سے پی ٹی آئی رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں گفتگو کے دوران کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج شہر کراچی میں جرائم بڑھ چکے ہیں، فضا بدبودار اور ماحول پراگندہ ہے تو یہ یہاں کے حکمرانوں کا فرض تھا کہ شہر کراچی کو صاف ستھرا اور خوبصورت بناتے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی شہر کی رونقیں بحال کرنے اور اسے امن کا گہوارہ بنانے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں تحریک انصاف کا تیسرا سہ روزہ میگا ممبرشپ کیمپ حیدری کار پارکنگ، نزد پاری مال پر کل سے جاری ہے جوبروز اتوار تک جاری رہے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی نارتھ ناظم آباد کے عوام بھرپور شرکت کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں اور بھی ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ کراچی کے عوام کی آواز سنی ہے اور ان کے مسائل پر حکومت کے سامنے آواز بلند کی ہے۔ اگرہم نے کوئی جرم کیا ہے تو وہ یہ ہے کہ ہم لٹیروں، عدلیہ کی توہین کرنے والوں اور بھتہ خوروں کے خلاف ہیں ۔ وقت کے فراعین نے ہماری خوب خوب آزمائش کی اور ہم ہر امتحان سے سرخرو نکلے۔ ہم ملازمتیں دینے کے سلسلے میں میرٹ پر یقین رکھتے ہیں اور تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے جس کے لیے زیادہ سے زیادہ تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لانا ضروری ہے۔ عوام کو چاہئے کہ پی ٹی آئی کی رکنیت حاصل کرکے ہماری جماعت کا حصہ بنیں اور ملک کے مسائل کو ہماری نظر سے دیکھیں۔ ہم اپنا شعور ان کے شعور میں شامل کرکے اپنے اور ان کے شعور کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ ہم علم کی ترویج چاہتے ہیں تاکہ مسائل کے حل اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے نت نئی راہیں نکلیں ۔