”زینب قتل کیس جیسے واقعات سے مستقبل میں بچنے کے لیے یہ اقدامات کرنے ہونگے “عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے بعد معروف گلو کار شہزاد رائے بھی میدان میں آگئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )معروف گلو کار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے کہا ہے کہ ایسا نظام بنانے کی ضرورت ہے جس سے مسقبل میں زینب قتل کیس جیسے واقعات سے بچا جا سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اس معاملے کو بھول گئے تو مستقبل میں بھی ایسے واقعات سامنے آتے رہیں گے ۔زینب قتل کیس کا فیصلہ ہونے کے بعد نجی نیوز چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زینب قتل کیس کا واقعہ بڑا تھا اس لیے قاتل پکڑا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے بچوں کے تعلیمی نصاب میں تبدیلی لانی ہو گی اور والدین کو ساتھ ملا کر ایک آگہی مہم چلانی ہو گی جس میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے بتا یا جائے گا ۔شہزاد رائے نے مزید کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ملزم کی شناخت کا عمل اچھی پیش رفت ہے لیکن ہمیں اور بھی کئی ضروری کام کرنے ہو نگے ۔
واضح رہے کہ ملزم عمران کوزینب کو اغوا کرنے، زیادتی کرنے اور قتل کرنے پر 4مرتبہ سزائے موت کا حکم سنا دیااور دفعہ 7اے ٹی اے کے تحت سزائے موت اور 10 روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے،جبکہ لاش کو گندگی میں چھپانے پر 7 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزاسنا ئی ہے۔