سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان عالم اسلام کے لئے تقویت کا باعث بنے گا:رانا نصر اللہ خان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مرکزی جمعیت اہل حدیث عالمی کے سینئر راہنماؤں مولانا رانا نصر اللہ خان ،مولانا امتیاز احمد مجاہد اور مولانا قاعی عبد المتین اصغر نے کہا ہے کہ عظیم برادر اسلامی ملک کے ولی عہدمحمد بن سلمان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک اورخصوصاً عالم اسلام کے لئے تقویت کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب وحدتِ امت کی علامت اور حرمین شریفین کے تقدس وحفاظت کا امین ہے،سعودی عرب نے ہمیشہ نازک وقت میں پاکستان اور عالم اسلام کے ہر قسم کے ناگفتہ بہ حالات میں بھرپور سیاسی و مالی تعاون کیا ہے، ولی عہدمحمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا موجودہ دورہ بھی پاکستان ،افغانستان بلکہ برصغیر پر مثبت اور خوشگوار اثرات کا حامل ہوگا، کامیاب دورہ کے انعقاد اور تعلقات کی بہتری کے سلسلے میں پاکستان میں متعین سعودی سفیر جناب نواف المالکی اور رابطہ عالم اسلامی پاکستان کی کاوشیں بھی بھرپور رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ احسان الٰہی ظہیر شہید سمیت شہدائے اہل حدیث اور علمائے اہل حدیث تحفظ حرمین شریفین کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہے، ہم بھی ان شا ء اللہ اسی کے مشن پر چل کر حرمین کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔