بھارت لے اوچھے پتھلنڈے ،پاکستانی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر سائبر حملے ،پلوامہ حملے لہ تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہیں ،پاکستان کی بھارت کو پیشکش

بھارت لے اوچھے پتھلنڈے ،پاکستانی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر سائبر حملے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،آئی این پی)بھارت پھر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا، پلوامہ حملے کے بعد سے دفتر خارجہ کی ویب سائیٹ پر بھارت کی جانب سے سائبر حملے شروع ہو گئے،بھارتی ہیکرز کی جانب سے دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک کرکے اسے ہیک کرنے کی کوشش کی گئی دفترخارجہ کو کئی ممالک سے ویب سائیٹ نہ کھلنے کی شکایات موصول ہونے لگیں۔ سائبر حملے کے بعد امریکا، برطانیہ، ہالینڈ، ناروے، تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں دفتر خارجہ کی ویب سائٹ نہیں دیکھی جاسکتی جب کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ویب سائٹ معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت مختلف طریقوں سے حملے کر رہا ہے، بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیاہے ،بھارتی ہیکرز کے کچھ حملے ناکام بنایئے گئے ہیں اور اس حملے کو بھی ناکام بنا دیں گے ۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کیس اور ایف اے ٹی ایف سے خوفزدہ بھارتی ہیکرز کی جانب سے ویب سائیٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔دوسری طرفپاکستان نے بھارتی پراپیگنڈہ مسترد کرتے ہوئے پلوامہ حملے کا بغیر تصدیق الزام نامناسب قرار دیدیا ہے۔سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے دوسرے روز بھی اہم ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ ۔پاکستان نے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پلوامہ واقعے پر بغیر تصدیق کے پاکستان پر الزام لگانا مناسب نہیں، پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔سیکرٹری خارجہ نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے غیرمستقل ممالک کے سفیروں کو بھی بریفنگ دی جس میں کا مقصد بھارت کے پلوامہ حملے کے بعد لگائے گئے بے جا الزامات پر حقائق بیان کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر متضاد مواد کو جواز بنانا حقائق کے برخلاف ہے، بھارت ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔
سائبر حملہ

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ،آن لائن)پاکستان نے پلوامہ حملے تحقیقات میں بھارت کو تعاون کی پیشکش کر دی،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت الزام تراشی بند کرے اس سے کچھ نہیں ہوگا،پاکستان کو تنہا کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔پلوامہ حقیقت سے دنیا جان چکی ہے ،مودی کی سازش خاک میں مل گئی ہے۔ امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان جانی نقصان اور تشدد کے حق میں نہیں ہے، اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے،بھارت میں الیکشن ہو رہے ہیں اور روزانہ پاکستان پر الزام تراشی کی جارہی ہے ،پلوامہ حملے کی آڑ میں پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کا بھارتی وزیراعظم مودی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، بھارت الزام تراشی بند کرے اس سے کچھ حاصل نہیں ہو گا،وزیر خارجہ نے بھارت کو پیشکش کی کہ پلوامہ حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستان ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں ۔ امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویومیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پلوامہ میں جانی نقصان پر صدمہ ہوا،یہ افسوسناک واقعہ جس میں جانیں ضائع ہوئیں لوگ زخمی ہوئے یہ ہمارا ایجنڈا نہیں ہے۔ اس واقعہ کے بعد ہندوستان نے بغیر تحقیق کے ردعمل دیا۔ہندوستان ماضی میں بھی بغیر تحقیق کے الزام تراشی کرتا رہا ہے۔بے بنیاد الزام تراشیوں سے نا ماضی میں کچھ حاصل ہوا نہ مستقبل میں حاصل ہو گا۔انہوں نے کہاکہ اگر ہندوستان کے پاس ثبوت ہے تو پیش کریں پاکستان تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اس میں ماضی میں بھی ناکام ہوا ہے اور مستقبل میں بھی ناکامی کا سامنا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو خود دیکھنا چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے احتجاج کی وجوہات کیا ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہزاروں کی تعداد میں خواتین کو مقبوضہ وادی میں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ کیا مقبوضہ کشمیر میں جنازوں کے اٹھنے کا انتظام کیا پاکستان کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان چاہے بھی تو یہ نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی مرضی اور منشا سے احتجاج کیلئے نکلتے ہیں،ہندوستان اپنی پالیسی اور رویے سے کشمیر کو کھو رہا ہے۔ گزشتہ روز میونخ میں گلوبل سیکورٹی کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یورنین کی خارجہ اور سیکورٹی پالیسی سربراہ فیڈریکا موگیرینی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یورپین یونین کے مابین دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کامیاب دورہ جرمنی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میونخ میں منعقدہ گلوبل سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کی۔انہوں نے عالمی سیکورٹی کانفرنس کے افغانستان سے متعلق خصوصی سیشن میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔وزیر خارجہ نے میونخ میں امریکن سینٹرز اور کانگریس مین سے ملاقات کی اور پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا بھرپور موقف پیش کیا ۔
وزیر خارجہ پیشکش