انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے اقدمات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے اقدمات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں ...
انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے اقدمات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں پولیو کا کیس سامنے آنے اورفیصل آباد اور راولپنڈی میں ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ لاہو رمیں پولیو کا کیس سامنے آنا انتہائی تشویشناک امر ہے ،فیصل آباد او رراولپنڈی میں ماحولیاتی نمونے مثبت آنا بھی کسی طرح قابل قبو ل نہیں،بچے ہمارا مستقبل ہیں اورانہیں پولیوسے بچانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

 انسداد پولیو سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صرف اجلاس کر کے باتوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو باہمی رابطوں کو مضبوط بنا کر رزلٹ دینا ہوں گے۔وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ میٹنگز میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد بھی یقینی بنایاجائے اورانسداد پولیوکے اقدامات سے آگاہی کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے،لاہور کے داخلی و خارجی راستوں،بس اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر بچوں کو انسدادپولیوکے قطرے پلانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب سمیت پاکستان کو پولیو فری بنانا ہمارا مشن ہے، انسداد پولیو کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی خود مانیٹرنگ کروں گا،متعلقہ اداروں اورمحکموں کو بچوں کو پولیوسے بچانے کے لئے عملی طورپر محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہوگا،حکومت پنجاب انسداد پولیو کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب  نے کہاکہ چیف سیکرٹری انسداد پولیو کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق ہفتہ وار میٹنگ کریں جبکہ میں انسداد پولیو کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق ہر ماہ میٹنگ کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ، بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانا قومی ذمہ داری ہے اوربچوں کا محفوظ مستقبل ہم سب کیلئے اہم ہے،محکمہ صحت کی ٹیمیں ہر بچے کی انسداد پولیو ویکسینیشن کو یقینی بنائیں، کوئی بچہ انسداد پولیو ویکسینیشن سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ باجوڑ میں 9سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس پر انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے لئے عمر کی حد بڑھانے کا جائزہ لیاگیا اورفیصلہ کیا گیا کہ انسداد پولیو کے قطرے 10برس تک کے بچوں کوپلانے کے حوالے سے نیشنل پولیو ٹیم سے مشاورت کی جائے گی اور اس ضمن میں جلد ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں آؤٹ فال روڈ پر سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کابھی فیصلہ کیاگیا۔واسا کا سب ڈویژن آفس جلد آؤٹ فال روڈ پر قائم کیا جائے گااورڈرینج کے مسئلے کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے شالا مار ٹاؤن میں پولیو کا کیس سامنے آنے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو کا شکار ہونے والے بچے کو انسداد پولیو کی زیروڈوزنہیں دی گئی تھی تاہم بچے کو معمول کی مہم کے دوران انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے۔اجلاس میں پولیو کی روک تھام کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمودالرشید، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن مرادراس،چیف سیکرٹری، وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیوبابر بن عطا،سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنرفیصل آباد ڈویژن، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہبازگل، انسداد پولیو قومی پروگرام کے اعلی حکام، ڈبلیو ایچ او کے ماہرین ،ڈی سی لاہور، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔