بھارتی وزیر اعظم مودی یاد رکھے یہ 71 والا پاکستان نہیں ، کوئی غلطی کی تو تباہی و بربادی انڈیا کا مقدر ہوگی:سینیٹر سراج الحق
جھنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مودی اور بھارتی آرمی چیف کو خبر دار کیاہے کہ پاکستان اب 65 ءیا 1971 ءوالا پاکستان نہیں رہا،اگر انہوں نے کوئی غلطی کی تو تباہی و بربادی ان کا مقدر ہوگی ،پاکستان کا بچہ بچہ بھارت کے خلاف چلتا پھرتا ایٹم بم ہے،مودی نے ابھی تک ہمارے حکمرانوں سے دوستی کی باتیں سنی ہیں،پاکستانی عوا م کا غصہ نہیں دیکھا،بھارتی فوج نے لاکھوں کشمیریوں کا قتل عام کیا اور ظلم و جبر اور ریاستی دہشتگردی کی تمام حدیں پھلانگ لی ہیں،عالمی برادری کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور اقوا م متحدہ اپنی قرار داوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے۔
جھنگ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مودی اور بھارتی قیادت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کو سامنے رکھے، بھارت کا سرپرست امریکہ افغان طالبان سے امن کی بھیک مانگ رہاہے،پاکستان کو تنہا اور کمزور کرنے کی بھارتی سازشوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑاہے،بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے ستر سال میں بھارت سے دوستی کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، اب پاکستانی حکمرانوں کو بھی بھارت سے اسی کی زبان میں بات کرناہوگی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عہد توڑنے اور یوٹرن لینے والا مسلمانوں کا حکمران نہیں ہوسکتا ، غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے،موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہی ہے،سیاست جمہوریت اور پولنگ سٹیشن جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہیں،حکمران عوام کی مشکلات کا حل ڈھونڈنے اور قانون سازی کرنے کی بجائے گالیوں اور جھوٹ کاپرچار کر رہے ہیں،قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کرنے والوں نے قومی غیرت و حمیت کا سودا کیاہے،عوام نے ستر سال میں پیپلز پارٹی ، نون لیگ اور فوجی حکومتوں کو بار بار آزمایا،موجودہ حکومت بھی انہی پارٹیوں کے لوگوں کا مجموعہ ہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملکی مسائل اور عوام کی پریشانیوں کا ایک ہی حل ہے کہ ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام رائج ہو، جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر سود کی لعنت کو ہمیشہ کے لیے ختم کردے گی ، ہم وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے ۔ امیر اور غریب کے لیے تعلیم اور علاج کی یکساں سہولتیں ہوں گی،یکساں نصاب اور نظام تعلیم دیں گے،بزرگوں کو بڑھاپا اور نوجوانوں کو بے روزگاری الاؤنس دیں گے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم قوم کی طرف سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔