عمر امین کے ناقابل شکست 61 رنز، پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے دھول چٹادی
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں 7 وکٹوں سے دھول چٹادی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز عمر امین 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کے 79 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا۔ کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسرے اوپنر امام الحق بھی صرف ایک رن ہی بناسکے۔تیسرے نمبر پر آنے والے عمر امین نے ٹیم کو سنبھالا اور 61 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلادی۔ پشاور زلمی نے 79 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر گیارہویں اوور کی پہلی ہی گیند پر حاصل کرلیا۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔ لاہور قلندرز کی ٹیم بیٹنگ کیلئے آئی تو وکٹوں کی پت جھڑ لگ گئی اور پوری ٹیم صرف 78 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ قلندرز ٹیم کے اوپنرز کام دکھاسکے نہ ہی مڈل آرڈرز اپنا لوہا منواسکے، ٹیل اینڈرز میں سے بھی کسی کا بلا نہ چلا ۔لاہور قلندر کی جانب سے صرف 3 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے جبکہ باقی کے 8 کھلاڑی سنگل فگر میں ہی پویلین لوٹے۔
پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے انتہائی خطرناک باﺅلنگ کی اور 4 اوورز میں صرف 15 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 3، ابتسام شیخ نے 2 اور پولارڈ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔