کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے5 افراد جاں بحق، 70 سے زائد متاثر

کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے5 افراد جاں بحق، 70 سے زائد متاثر
کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے5 افراد جاں بحق، 70 سے زائد متاثر

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افرادہسپتال داخل کر دیئے گئے۔

پولیس کے مطابق زہریلی گیس سے ہونے والی ہلاکتوں اور متاثرین کو سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے تاہم حقائق سامنے آنے سے قبل کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ایس ایس پی سٹی نے کہا ہے کہ زہریلی گیس سے متاثر ہونے والے تمام افراد کا تعلق جیکسن مارکیٹ سے ہے متاثرہ افراد کو نجی ہسپتال بھی منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ خاتون معمار بیگم، احسن اور رضوان بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق کیماڑی کی جیٹی پر ایک جہاز پہنچا ہے جس میں مختلف قسم کا کیمیکل موجود ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید جہاز کو خالی کرنے کے دوران کیمیکل کی بو علاقے میں پھیلی ہے۔

سربراہ ایدھی فاو¿نڈیشن فیصل ایدھی کے مطابق بندرگاہ کے قریبی علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کا اخراج ہوا جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ زہریلی گیس کے حوالے سے کراچی پورٹ اتھارٹی کو حقائق سے آگاہ کرنا چاہیے۔

کیماڑی کے وائس چیئرمین محمد آصف خان نے5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) انتظامیہ اور حکومت سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور قریبی ہسپتال میں آکسیجن موجود نہیں ہے جبکہ ہسپتال لائے جانے والے افراد کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے متاثرہ افراد کا بہترین علاج کرنے کا حکم دیا ہے اور ڈاکٹرز کی اسپتال میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

نجی ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے کہا ہے کہ ہسپتال لائے گئے تمام افراد کو سانس لینے میں مشکلات ہو رہی ہیں اور انہیں پیٹ درد کی بھی شکایت ہے۔

مزید : اہم خبریں /علاقائی /سندھ /کراچی